خطبات طاہر (جلد 2۔ 1983ء) — Page 568
خطبات طاہر جلد ۲ 568 خطبه جمعه ۴ / نومبر ۱۹۸۳ء سارے ملکوں میں کہ اس طرف توجہ نہیں کرتے یہاں تک کہ بعض بڑے بڑے شہروں میں بھی کوئی انتظام نہیں ہوا کرتا تھا۔اگر کوئی بازار وغیرہ چلا جاتا تو اس بیچارے کی حالت خراب ہوتی تھی۔ایک دفعہ ایک پرانے بڑھے نے بتایا کہ میں لاہور دیکھنے گیا تو قید ہو گیا۔میرا جرم صرف یہ تھا کہ مجھے پیشاب آگیا اور کوئی جگہ نہیں ملتی تھی۔اس زمانہ میں مال روڈ کو ٹھنڈی سڑک کہتے تھے اس پر میں ہر طرف بہت دوڑ ا مگر مجھے کوئی جگہ نہ ملی۔پھر میں وہیں ایک طرف بیٹھ گیا تو پولیس نے مجھے پکڑ لیا اور تھانے پہنچا دیا کہ تم نے جگہ گندی کی ہے۔تو جو لوگ صفائی چاہتے ہیں اور جگہ گندی نہیں کروانا چاہتے وہ اس کا انتظام بھی تو کیا کرتے ہیں۔یہ تو نہیں کہ میلوں میل شہر ہو اس میں ایک بھی Toilets نہ ہو اور توقع آپ یہ رکھیں کہ باہر سے آنے والے باہر جا کر ہی فارغ ہوں۔اہل ربوہ کو بہت زیادہ پبلک سہولتوں کی ضرورت ہے کیونکہ بڑی کثرت سے بار بار لوگ یہاں آتے ہیں اور یوں بھی ہر ہفتہ ہی آنے والے لوگوں کا ہجوم خلائق لگا ہی رہتا ہے تو جہاں پبلک Conveniences کی ضرورت ہے اس کے لئے تو ایک لمبی پلاننگ کرنی پڑے گی اور صد سالہ جو بلی کے جلسہ سالانہ کو مدنظر رکھ کر یہ منصوبہ بنانا چاہئے اور اس کے کچھ ضروری حصوں کو ہر سال مکمل کرتے رہنا چاہئے اور اس سال بھی کوشش کرنی چاہئے کہ معیاری غسل خانے ، ان کی صفائی کا انتظام اور پھر جن لوگوں کو نسل خانہ استعمال کرنے کا طریق نہ آتا ہوا انہیں سمجھانے والا کارکن بھی ڈیوٹی پر ہو۔ایسے سیٹ بعض ضروری جگہوں پر بن جائیں جلسہ سالانہ کے قریب بھی اور بازاروں میں بھی بعض جگہ ایسے سیٹ بنائے جائیں۔اب چونکہ وقت تھوڑا ہے اس لئے اگر مستقل نہ ہو سکے تو کچھ عارضی ہی سہی لیکن کوشش یہی کریں کہ ایک مہینہ کے اندر اندر اچھی اور مستقل قسم کی لیٹریز اور Toilets وغیرہ بن سکیں تو وہ بنائے جائیں۔پس یہ تو عمومی باتیں ہیں جو میں نے کہنا تھیں۔ان میں سے ایک حصہ جو بیان ہونے سے رہ گیا ہے وہ مہمان کی خوراک سے متعلق ہے۔اگر چہ جلسہ کی طرف سے مہمان کی خوراک کا انتظام ہوتا ہے اور خدا تعالیٰ کے فضل سے جہاں تک بس چل رہا ہے انتظامیہ یہ کوشش کر رہی ہے کہ خوراک کے انتظام میں بہتری ہو۔مشینوں میں جو روٹی پکتی ہے اس کی وجہ سے کچھ وقتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔بعض دفعہ کسی جگہ سے روٹی جل جاتی ہے یا کچی رہ جاتی ہے اسے بھی بہتر بنانے کی کوشش ہو رہی ہے