خطبات طاہر (جلد 16۔ 1997ء) — Page 203
خطبات طاہر جلد 16 203 خطبہ جمعہ 14 / مارچ 1997ء یہی تو ہے کہ یا ادھر کا منہ رکھو گے یا ادھر کا منہ۔یا اس طرف دلچسپیاں لو گے یا اس طرف دلچسپیاں لو گے۔اگر تمہاری دلچسپیوں کا رخ غیر اللہ کی طرف ہی رہے گا تو تم پھر عبادت نہیں کر سکتے اور جب اللہ کے عبد نہیں رہو گے تو خدا کو پھر تمہاری کوئی پرواہ نہیں۔پھر آسمان سے کسی وقت بھی تمہاری ہلاکت کا حکم نازل ہوسکتا ہے اور ضروری نہیں کہ ہر وقت پکڑے جاؤ۔پس اس آیت میں جہاں تنبیہہ ہے اور ایک خوفناک نظارہ ہے وہاں بخشش کے لئے اور توبہ کے لئے گنجائش بھی کھلی رکھی ہے۔کوئی تقدیر کا فرشتہ آپ کی گردن پر چھری نہیں پھیرے گا جب تک آسمان سے یہ آواز نہ اترے کہ ہاں اس کا وقت آگیا ہے۔پس اس وقت سے پہلے پہلے پھر جاؤ اور خدا کی طرف توجہ کر کے دنیا کی ہلاکتوں سے بچنے کی کوشش کرو پھر دعا زیادہ زور اور شدت کے ساتھ اٹھے گی کیونکہ خطرے کی دعا ہے، مضطر کی دعا بن جائے گی۔پھر اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ آپ کو نئی زندگی عطا ہو سکتی ہے جس میں عبادت میں لذت پیدا ہو جائے گی اور اور بھی بہت سے فوائد، جواس دنیا کے بھی ہیں آخری دنیا کے بھی ہیں ، وہ اسی دعا سے وابستہ ہو جائیں گے جو میں نے آپ کے سامنے پڑھ کے سنائی۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین