خطبات طاہر (جلد 15۔ 1996ء) — Page 442
خطبات طاہر جلد 15 442 خطبہ جمعہ 7 / جون 1996ء دنیا دار کی نیکیاں کسی خدا کے تصور کو دنیا کے سامنے پیش نہیں کرتیں اور ان کی نیکیاں ان کی ذات کے ساتھ مرجاتی ہیں اور ان میں بقاء اور استحکام کی صلاحیت نہیں ہوتی۔ایک یہ بھی فرق ہے جس کا تعلق استقرار اور استحکام سے ہے۔خدا کی طرف سے جو نیکیاں آتی ہیں چونکہ خدا کی ذات کو دوام ہے اور ہمیشگی پائی جاتی ہے اس لئے انسان کی وہ نیکیاں جو خدا سے سیکھتا ہے ان میں بھی ایک دوام ہے اور ایک استقلال پایا جاتا ہے۔انفرادی ہوں یا قومی ہوں ، حالات گردو پیش خواہ کیسے ہی بدلتے رہیں ان کی نیکیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی لیکن وہ تو میں جو دنیا میں نیکیاں دنیا کے اطوار سے سیکھتی ہیں یا اپنی خاندانی روایات سے سیکھتی ہیں ان کی نیکیوں میں کوئی استقلال نہیں ہوا کرتا۔جب قو می ابتلا آتے ہیں تو ان میں سے نیچے سے سچا بھی جھوٹ بولنے لگ جاتا ہے۔وہ سمجھتا ہے قوم کی خاطر جھوٹ بولنا جائز ہے۔وہ جو عام دنیا میں روزمرہ کے کاموں میں کسی شخص کو دھوکہ نہیں دیتا جب قوم کی کسی مسند پر براجمان ہو اور باقی دنیا کے ساتھ معاملات میں دھوکے کی ضرورت پیش آئے تو اس کا دھوکہ نہ دینا قوم سے دھو کہ سمجھا جاتا ہے۔اگر وہ غیر قوموں کو دھوکہ نہیں دیتا تو اس کی قوم اسے دھو کے باز کہے گی کہ اس نے قوم کے حقوق کو جیسا کہ ادا کرنے کا حق تھا ادا نہیں کیا۔تو ساری تعریفیں بدل جاتی ہیں اور نیکی کے ساتھ استقلال کا کوئی جوڑ دکھائی نہیں دیتا۔صرف ایک ذات ہے جس سے پیدا شدہ نیکی میں استقلال اس شان کے ساتھ پایا جاتا ہے کہ کائنات الٹ پلٹ جائے تب بھی نیکی کی تعلیم وہی رہے گی۔انبیاء علیہم السلام اس کی بہترین مثال ہیں۔ان کی نیکیاں وقت سے آزاد ہیں اور حالات سے بالا ہوتی ہیں۔وہ امن کے حالات ہوں یا جنگ کے حالات ہوں ان کی سچائی ہمیشہ سچائی رہے گی۔سچائی ان کے خلاف جائے گی تب بھی سچ ہی بولیں گے اور یہ خدائی نیکی کی پہچان ہے اس لئے تبلیغ کے دوران ایسے لوگوں سے جب آپ گفتگو کرتے ہیں جو نیک مزاج کی وجہ سے آپ کے گرد اکٹھے ہوئے ہیں تو آپ کو یہ فرق ان کو دکھانا ہوگا۔ورنہ ان کو خدا میں کوئی دلچسپی پیدا نہیں ہوگی۔ان کو بتانا ہوگا کہ تمہارے اور میرے درمیان یا تمہارے اور خدا والوں کے درمیان ایک فرق ہے اور بڑا نمایاں فرق ہے اور جب تک وہ فرق پیدا نہ ہو کسی انسان کی نیکی کسی معاشرے کی نیکی بھی بنی نوع انسان کو بچانے کے کام نہیں آسکتی۔