خطبات طاہر (جلد 14۔ 1995ء) — Page 567
خطبات طاہر جلد 14 567 خطبہ جمعہ 4 اگست 1995 ء حملہ کریں کا موقع کیا ہے؟ تبلیغ کر رہے ہیں صبر سے کام لیں تو حملے کا کیا موقع ہے۔دراصل بات یہ ہے کہ بعض دفعہ دشمن اتنی ایذاء رسانی کرتا ہے کہ انسان آپے سے باہر ہو جاتا ہے اور پھر کمزور ہوتے ہوئے بھی بعض دفعہ عواقب سے بے نیاز ہو کر حملہ کر بیٹھتا ہے۔بعض دفعہ انسان جس کا صبر کا دامن ہاتھ سے جاتا رہے اتنی تکلیف اسے پہنچے کہ پھر وہ یہ سوچتا بھی نہیں کہ اس کے بعد میں مارا جاؤں یا میرے بھائی بندوں کو نقصان ہوگا۔بعض دفعہ طیش میں آکر یا خود اپنی تکلیف سے عاجز آ کر حملہ کر بیٹھتا ہے۔تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو معاً جو حملے کا خیال آیا ہے صاف پتا چل رہا ہے کہ اس کے پس منظر میں آپ بہت تکلیفیں دیکھ رہے ہیں۔آپ جانتے ہیں کہ دتی بھی فتح ہوگی جیسے عرب فتح ہوا تھا مگر کن کن راہوں سے گزرنا پڑے گا، کن آزمائشوں میں سے ہو کر جانا ہوگا۔فرماتے ہیں، بعض لوگ حملہ کر بیٹھتے ہیں۔صاف پتا چل رہا ہے کہ بہت سخت ایذاء رسانی ہوگی ،سخت گالیاں دی جائیں گی سخت تکلیفیں پہنچائی جائیں گی مگر حملہ نہیں کرنا۔وو۔۔۔میں اس کو پسند نہیں کرتا کہ ہماری جماعت کے لوگ کسی پر حملہ کریں یا اخلاق کے برخلاف کوئی کام کریں۔خدا تعالیٰ بردباری کا حکم دیتا ہے اور اسی کے مطابق کرنا چاہئے۔۔۔“۔بردباری اور صبر کیا دو الگ الگ چیزیں ہیں؟ ملتی جلتی چیزیں ہیں؟ ان میں کیا فرق ہے۔صبر تکلیف پر برداشت کو کہتے ہیں یا غم پر برداشت کو کہتے ہیں اور اپنے غصے پر برداشت کو بھی کہتے ہیں۔ان مختلف مواقع کی نسبت سے صبر کی کیفیت کچھ بدلتی جاتی ہے لیکن بُردباری اور چیز ہے۔بُردباری اس حو صلے کو کہتے ہیں جس کے نتیجے میں دشمن تکلیف پہنچا رہا ہے لیکن انسان اس کو اتنا حقیر اور بے حقیقت دیکھتا ہے کہ تکلیف ہوتی بھی نہیں اس کو۔وہ بڑے وقار اور برداشت کے ساتھ ان باتوں کو سنتا ہے جیسے بعض دفعہ پتھر سے گولیاں ٹکرا کر چپٹی ہو ہو کر گرتی رہتی ہیں اور پتھر کو کچھ بھی نہیں ہوتا۔تو بردباری بھی مومن کی ایک عظیم صفت ہے جو اس کو ہر قسم کے حملوں سے بے نیاز کر دیتی ہے۔فرمایا کہ ہمیں بردباری اختیار کرنی چاہئے۔بعض دفعہ بچہ چھوٹا سا بچہ ماں باپ کو ٹانگیں مارتا ہے، شور مچاتا ہے، وہ مسکراتے ہوئے اس کو پکڑ کے اپنے سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کوئی ٹانگ نہ لگ جائے مگر غصہ نہیں آتا، کوئی دکھ نہیں پہنچتا جسے وہ برداشت کریں۔یہ بردباری ہے