خطبات طاہر (جلد 14۔ 1995ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 152 of 1060

خطبات طاہر (جلد 14۔ 1995ء) — Page 152

خطبات طاہر جلد 14 152 خطبہ جمعہ 24 فروری 1995ء پس اپنی زندگی کے تمام خدشات کو دور کرنے کے لئے یا درکھو کہ تمام کائنات کا سلام ہمیشہ کے لئے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے لمحوں کے ساتھ منسوب کر دیا گیا ہے اور باندھ دیا گیا ہے۔ایسا کہ کوئی اسے اب کاٹ کر الگ نہیں کر سکتا جو حضرت محمد رسول اللہ ﷺ سے وابستہ ہوگا۔آپ کی زندگی کے ہر لمحے سے فیضیاب ہوگا اور شریعت محمدیہ نے کوئی پہلو انسانی زندگی کی دلچسپی کا نہیں چھوڑا جس کا ذکر نہ فرمایا ہو اور جہاں سلام حاصل کرنے کے طریقے نہ سمجھائے ہوں۔اور ایک رات ایسی بھی آتی ہے جبکہ جس طرح حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے لمحات ساری کائنات پر ہمیشہ ہمیش کے لئے چھا گئے اور ساری راتوں کو ایک دائمی روشن دن میں تبدیل کر دیا۔اسی طرح ایک انسان اپنی ذات کے لئے اتنی کوشش تو کرے کہ ان لمحوں میں سے ایک لمحہ اس کو ایک رات کا نصیب ہو جائے جو اس کی ساری زندگی کو روشن دن میں بدل دے گا۔پس یہاں حَتَّى مَطْلَعِ الْفَجْرِ کا معنی یہ ہو جائے گا انفرادی نوعیت سے کہ اگر تم کوشش کرو اور اس رات کے ان پاک لمحوں کی تلاش میں جدو جہد کرو اور دعائیں کرو تو بعید نہیں کہ تمہیں حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے لمحات میں سے ایک ایسا لمحہ نصیب ہو جائے جو تعلق باللہ کا ایسا لمحہ ہے جیسے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کو ہمیشہ تعلق باللہ رہا تو وہ ایک لمحہ ایسا ہوگا جو تمہاری ساری زندگی، اسی سالہ زندگی پر حاوی ہو جائے گا، اس سے زیادہ قابل قدر ہوگا ، وہ زندگی اس ایک لمحے پر قربان کرنے کے لائق ٹھہرے گی۔پس اس پہلو سے اللہ بہتر جانتا ہے کہ جو گزری ہوئی رات تھی وہی لیلۃ القدر تھی یا لیلۃ القدر اور آنے والی ہے۔مگر بہتوں کو اللہ ضرور ایسی زندگی بخشے گا کہ اس لیلۃ القدر کے حصول کے مواقع وہ پاتے رہیں گے۔مگر جہاں تک جماعت احمدیہ کا تعلق ہے یہ نہ بھولیں کہ آپ ایک اور لیلتہ القدر کے دور سے گزر رہے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا زمانہ جیسا کہ قرآن سے ثابت ہے اولین کو آخرین سے ملانے کا زمانہ ہے۔اگر حضرت محمد رسول اللہ اللہ کے نورانی لمحات نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا وجود روشن نہ کیا ہوتا تو یہ ناممکن تھا کہ آپ کی وساطت اور آپ کے فیض سے ہم اولین سے جا ملتے۔پس آپ کے لئے تو پھر ایک جاری دور ہے لیلۃ القدر کا۔اس لیلۃ القدر میں آپ ایسی نیکیاں کما سکتے ہیں کہ جب قرآن کا وعدہ آپ کے حق میں پورا ہو کہ آپ دور ہوتے ہوئے