خطبات طاہر (جلد 13۔ 1994ء) — Page 887
خطبات طاہر جلد 13 887 خطبہ جمعہ فرمودہ 25 نومبر 1994ء بدظن، غیبت کرنے والا ، چغل خور بدترین شخص ہے۔حسد سے بچیں یہ نیکیوں کو کھا جاتا ہے۔( خطبه جمعه فرموده 25 نومبر 1994ء بمقام مسجد فضل لندن برطانیہ ) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور انور نے فرمایا۔گزشتہ جمعے میں میں نے قرآن کریم کی آیات اور احادیث کے حوالے سے غیبت کے مضمون پر خطاب کیا تھا لیکن وقت نہ ہونے کی وجہ سے پورا خطاب یا اس خطاب کے سلسلے میں جو مضمون میں نے پیش نظر رکھا تھاوہ مکمل نہ ہوسکا کچھ احادیث بہت اہم ہیں اس موضوع پر جو میں آپ کے سامنے پیش نہیں کر سکا تھا۔تو آج وہیں سے بات شروع کروں گا جہاں گزشتہ خطبے پر بات ختم کی تھی۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ نے فرما یا بدترین آدمی تم اسے پاؤ گے جو دو منہ رکھتا ہے۔ان کے پاس آکر کچھ کہتا ہے اور دوسروں کے پاس جا کر کچھ کہتا ہے ( یعنی بڑا منافق اور چغل خور ہے )۔یہ جو یعنی بڑا منافق اور چغل خور ہے، یہ ترجمہ کرنے والے نے ترجمہ بیچ میں کیا ہے، اصل الفاظ میں نہیں ہے۔اور جو تشریح سمجھی اس کے مطابق بیان کیا۔اگر چہ ظاہر ایہی معنے ہیں لیکن ترجمے میں ویسے عموماً یہ احتیاط کرنی چاہئے تو اسی لئے مجھے شک گزرا تھا کہ یہ اصل الفاظ نہیں ہیں۔جب میں نے اصل الفاظ پر نگاہ ڈالی تو واقعہ وہاں یہ موجود نہیں تھے۔حدیث کے الفاظ صرف اتنے ہیں کہ بدترین آدمی اسے پاؤ گے جو دو منہ رکھتا ہو۔ان کے پاس آکر کچھ کہتا ہے دوسروں کے پاس جا کر کچھ کہتا ہے۔