خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 74 of 1004

خطبات طاہر (جلد 11۔ 1992ء) — Page 74

خطبات طاہر جلد ۱۱ 74 خطبہ جمعہ ۳۱ /جنوری ۱۹۹۲ء کے شمال سے لے کر سپین کے جنوب میں جبل الطارق تک یہ خطبہ خدا کے فضل سے دیکھا اور سُنا جاسکتا ہے اور ترکی کے اس حصہ میں بھی جو یورپ کا حصہ کہلاتا ہے اس میں بھی یہ خطبہ اسی طرح مواصلاتی ذرائع سے صوتی اور تصویری لحاظ سے نشر ہورہا ہے۔پس یہ دن ہمارے لئے جذباتی لحاظ سے ایک بہت ہی ہیجانی دن ہے لیکن اس کا صرف جذبات سے تعلق نہیں یہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی صداقت کا ایک عظیم الشان نشان ظاہر ہوا ہے۔دنیا کو ان ذرائع سے جمع کرنا اور دین میں جمع کرنا اور خطبہ کے ذریعے جمعہ کے دن جمع کرنا یہ وہ سارے مقدرات ہیں جن کا تعلق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی بعثت سے اور ان آیات کریمہ سے ہے جن کا میں نے ذکر کیا ہے۔یعنی سورۃ جمعہ، سورۃ صف ،سورۃ توبہ اور سورۃ فتح کی ان پیشگوئیوں سے ہے جن کا مظہر آج دنیا میں صرف اور صرف حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے غلام یعنی جماعت احمدیہ ہے اور یہ ایسا اعزاز ہے جومل چکا اور دنیا کی ساری طاقتیں مل کر بھی اب اس اعزاز کو جماعت احمدیہ سے چھین نہیں سکتیں۔ایسی سعادت ہے کہ جس کے حصے آگئی جسے خدا نے عطا فرما دی وہ اب دنیا کی تمام عظمتیں رکھنے والی سلطنتیں بھی مل کر چاہیں تو اب اُس سے چھین نہیں سکتیں۔جو سبقت جماعت کو نصیب ہوگئی وہ نصیب ہوگئی اور اب ان کے لئے تو اگر وہ ظالم ہیں اور دشمنی رکھتے ہیں تو سر پیٹنے اور واویلا کرنے کے سوا کچھ باقی نہیں رہا مگر ہمیں اس بات پر کوئی خوشی نہیں کہ دشمن اس کے نتیجہ میں غیظ و غضب دکھاتا ہے اور جوش دکھاتا ہے اور نفرت میں پہلے سے بڑھ جاتا ہے۔ہماری تو دعا یہ ہے کہ اس نے ذریعہ سے کثرت کے ساتھ غیر احمدی مسلمانوں کو یہ خطبات براہ راست سننے اور دیکھنے کی توفیق ملے اور اس کے نتیجہ میں جو دوریاں ہیں وہ کم ہو جائیں، جو فاصلے ہیں وہ پائے جائیں اور جن جن کو خدا نے فراست عطا فرمائی ہے وہ نہ صرف اپنے کانوں سے سنیں بلکہ آنکھوں سے دیکھیں اور فیصلہ کریں کہ یہ جھوٹے اور جھوٹوں کے مونہوں کی باتیں ہیں یا بچوں کے کلام ہیں اور اس رنگ میں اللہ تعالیٰ ان کے لئے ہدایت کے نئے سامان پیدا فرمائے۔ہمیں اس بات میں خوشی ہے کہ اگر ایک بھی سعید روح اس نئے ذریعہ سے سچ کو پا جاتی ہے اور حق کی آغوش میں آجاتی ہے تو ہمارے لئے یہ ایک اور جمعہ یعنی عید کا دن ہوگا۔جہاں تک جمعہ کی ذمہ داریوں کا تعلق ہے اب میں ان سے متعلق آپ کو کچھ سمجھانا چاہتا ہوں۔آپ نے یہ تو دیکھ لیا کہ خدا کی تقدیر نے خوب کھول کر روز روشن کی طرح واضح فرما دیا کہ جماعت احمدیہ اور جمعہ کا ایک بہت ہی گہرا رشتہ ہے۔