خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء) — Page 46
خطبات ناصر جلد ہفتم ۴۶ خطبہ جمعہ ۱۱/ مارچ ۱۹۷۷ء اب پھر ایک مالی سال ختم ہو رہا ہے۔مجھے یقین ہے کہ جماعت اس طرف بھی توجہ کرے گی۔ہر جماعت اپنے اپنے بجٹ سے زیادہ قربانیاں کرے گی لیکن میں محض اس طرف توجہ نہیں دلانا چاہتا میں تو ان آیات قرآنیہ کی روشنی میں آپ کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ اپنے دل میں خشیت اللہ پیدا کرو۔خشیت اللہ خشیت اللہ میں بھی فرق ہے اس میں بھی ایک تدریجی ترقی ہوتی ہے۔ہر عالم میں ترقی ہوتی ہے ہر انسان کے تجربے اور علم میں ترقی ہوتی ہے۔اسی طرح خشیت اللہ کے میدان میں بھی آگے سے آگے بڑھو۔خدا تعالیٰ تمہیں آیات کو جذب کرنے کی زیادہ توفیق دے۔خدا تعالیٰ اپنے نشان تم پر پہلے کی نسبت زیادہ نازل کرے اور ان نشانات کو دیکھ کر تمہیں پہلے سے زیادہ تسبیح اور تحمید کرنے کی توفیق ملے۔خدا کرے کہ شرک کسی دروازے سے بھی تمہاری زندگیوں میں داخل نہ ہو اور جو کچھ خدا نے تمہیں دیا ہے اسے خدا کے لئے خدا کے بندوں کی خیر خواہی کے لئے تم خرچ کرو۔خدا کرے ایسا ہی ہو۔روزنامه الفضل ربوه ۲۲ مارچ ۱۹۷۷ء صفحه ۲ تا ۴)