خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 341 of 584

خطباتِ ناصر (جلد 7 ۔1977ء، 1978ء) — Page 341

خطبات ناصر جلد ہفتہ ۳۴۱ خطبہ جمعہ ۱۷ مارچ ۱۹۷۸ء ذریعہ، اس کی ناشکری نہیں کی گئی بلکہ ان کی قدر کی گئی ان کو ہر لحاظ سے سنبھالا گیا اور اس قابل بنایا گیا کہ وہ دنیا میں اسلام کو پھیلائیں اپنے علم سے بھی اور عملی نمونوں سے بھی۔پس جہاں تک احمدیت کے مقصد کا تعلق ہے یہ تو بہر حال حاصل ہونا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ یہ مقصد اس گروہ یا اس نسل یا اگلی نسل یا اس علاقے کے لوگوں کے ذریعے حاصل ہوگا یا کسی اور ملک یا علاقہ کے لوگوں کے ذریعہ حاصل ہوگا جو خدا تعالیٰ کی نعمتوں کی قدر کرنے والے ہوں گے۔دیکھنا یہ ہے کہ جس قوم میں یا جس علاقے میں مہدی علیہ السلام پیدا ہوئے اور ان کے ماننے والوں کو اتنی بڑی نعمت ملی اور ان پر خدا تعالیٰ نے بہت بڑا احسان کیا ، وہ اپنی ذمہ داریوں کو کس طرح پورا کرتے ہیں۔یہ ان کا پہلا فرض ہی نہیں بلکہ ان کا یہ حق ہے۔فرض کی بات تو بعد میں آئے گی ، ان کا یہ حق ہے کہ وہ دنیا کے لئے ایک اُسوہ اور نمونہ بنیں اور دنیا کے سچے معنوں میں خادم بنیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام دنیا کو پہنچانے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں اور ہر وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ سامنے رکھیں۔دیکھو آپ کی کتنی بلندشان ہے کہ نہ صرف آپ اپنے ماننے والوں کے لئے محسن اعظم ہیں بلکہ ان کے لئے بھی محسن اعظم ہیں جو آپ کو نہیں مانتے۔آپ کے احسانات کا دائرہ مومن اور کا فرسب پر وسیع ہے۔دنیا آپ کے احسانات کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔پس ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہمیں اس حقیقت کے سمجھنے کی تو فیق عطا کرے اور وہ ہمیں اس بات کی بھی توفیق دے کہ ہم اپنے بچوں کی صحیح نگہداشت کر سکیں۔ان کو صیح تعلیم دے سکیں۔ان کی عمدہ تربیت کر سکیں۔اللہ تعالیٰ انہیں نیک دل دے اور ان کے دلوں کی نیکی کو ہمیشہ قائم رکھے۔ان کو دین دے اور اس پر ہر حال میں استقامت بخشے۔اللہ تعالیٰ ان کو پیار دے جو کبھی مٹنے والا نہ ہو بلکہ ہمیشہ ترقی کرنے والا ہو اور وہ خدا تعالیٰ سے محبت اور محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے عشق میں مستانہ وار ہم سے بھی آگے بڑھتے ہوئے دنیا میں اسلام کا پیغام پہنچانے والے ہوں۔اللھم آمین۔از رجسٹر خطبات ناصر غیر مطبوعہ )