خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 720
خطبات ناصر جلد پنجم ۷۲۰ خطبه جمعه ۴/اکتوبر ۱۹۷۴ء حاصل کی۔اس معرفت کے نتیجہ میں ایک طرف خدا تعالیٰ کی عظیم کبریائی کا احساس اور دوسری طرف اس کا ایسا حسن جلوہ گر ہوا جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔یہی وہ معرفت ہے جس کے نتیجہ میں ہمارے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا ہوئی جس نے دو رخ اختیار کئے۔ایک یہ کہ ہم جو احمدیت کی طرف منسوب ہونے والے ہیں ہر لحظہ اور ہر آن ڈرتے رہتے ہیں کہ کہیں اپنی کسی غفلت یا گناہ یا کوتاہی کے نتیجہ میں یا نا فرمانی کی وجہ سے ہمارا محبوب ہم سے ناراض نہ ہو جائے۔یہ کیفیت اس خشیت کی وجہ سے ہے جو ہر احمدی کے سینہ میں پائی جاتی ہے۔دوسری طرف ہمارے دل میں ہر وقت یہ جوش اور جذبہ پیدا ہوتا رہتا ہے کہ ہم ایسے کام بجالائیں اور ہم سے ایسے افعال سرزد ہوں جو اللہ تعالیٰ کی نگاہ میں صالحہ ہوں اور جن کے نتیجہ میں ہمیں اس محبت کا جواب ملے جسے اللہ نے ہمارے دل میں پیدا کیا ہے یعنی جو معرفت کے نتیجہ میں ہمارے سینوں میں پیدا ہوئی ہے، ہماری محبت کے جواب میں خدا تعالیٰ بھی ہم سے محبت کرنے لگے۔میں نے اس سلسلہ میں اپنے پہلے خطبہ جمعہ میں بتایا تھا کہ جن اعمال سے یا جن باتوں سے انسان اللہ تعالیٰ کی ناراضگی مول لیتا ہے ان کا علم بھی ہمیں قرآن عظیم ہی سے مل سکتا ہے اور قرآن عظیم نے ہمیں یہ بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ ظلم سے پیار نہیں کرتا اور نہ ظالم سے پیار کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ فساد سے پیار نہیں کرتا اور نہ فسادی سے پیار کرتا ہے اس لئے اللہ تعالیٰ نے ہمارے دلوں میں جو خشیت پیدا کی ہے وہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم خود کو ظلم سے کلی طور پر بچائیں اور ہم فساد کی کسی صورت میں شریک نہ ہوں اور اس داغ سے جو خدا تعالیٰ کا غضب مول لینے والا ہے یعنی فساد کا داغ وہ ہمارے اعمال پر اور ہماری روح پر نہ پڑے تا کہ ہم خدا تعالیٰ کی ناراضگی مول لینے والے نہ ہوں۔غرض میں نے اپنے پہلے خطبہ میں صرف انہی دو باتوں کو بیان کیا تھا اور دوسرے خطبہ میں میں نے دو باتیں وہ بیان کی تھیں جن کے متعلق قرآنِ عظیم نے بتایا ہے کہ جو لوگ ایسے اعمال بجالاتے ہیں اللہ تعالیٰ ان سے پیار کرتا ہے۔گویا پہلے دو اعمال ایسے ہیں جن کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ نفرت کرنے لگتا ہے ، اس کا غضب بھڑکتا ہے اور دوسرے دو اعمال ایسے بتائے تھے جن کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ پیار کرتا ہے۔آج میں پھر پہلے خطبہ والے مضمون کی طرف لوٹتا ہوں لیکن چونکہ میری