خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 666 of 836

خطباتِ ناصر (جلد5 ۔ 1973ء، 1974ء) — Page 666

خطبات ناصر جلد پنجم ۶۶۶ خطبه جمعه ۲/اگست ۱۹۷۴ء لئے بہت سے بچوں کو پیدائش کے وقت اپنی رحمانیت کے جلوؤں سے محروم کر دیتا ہے۔بعض دفعہ بڑا تندرست ، بڑا خوبصورت بچہ پیدا ہوتا ہے اور ہوا جو رحمانیت کا جلوہ ہے جو انسان کی پیدائش سے پہلے اُس کے لئے بنائی گئی ہے۔اللہ تعالیٰ اُس کو کہتا ہے کہ تو اس پر وہ اثر نہ کر جو عام انسانوں پر تو کرتی ہے۔وہ سانس نہیں لے سکتا۔ہمارے ہی گھر میں ، میری بڑی بیٹی کے ہاں پہلا بچہ جب پیدا ہوا تو اُس نے سانس نہیں لیا اور اتنا خوبصورت اور اتنا تندرست اور خوب موٹا تازہ بچہ میں نے اپنی ساری عمر میں کبھی نہیں دیکھا۔خدا کی شان تھی کہ عین اُس وقت جب وہ اپنی ماں کے پیٹ سے اس دنیا میں آیا تو رحمانیت کے جلوے اُس بچے کے لئے بند کر دیئے گئے اور یہ میری اُس بچی کو اور دوسری کو سبق دینے کے لئے ہوا کہ جب تک تمہارے عمل سے پہلے کی نعمتیں نہ ملیں اُس وقت تک تمہارا اپنا کام شروع ہی نہیں ہوسکتا۔سانس ہم اپنی ماں کے پیٹ سے تو لے کر نہیں آتے۔پھر پانی ہے۔غذا ئیں ہیں۔آب و ہوا ہے۔گرمی اور سردی کا ایک متوازن نظام ہے جسے زمین میں مختلف شکلوں میں خدا تعالیٰ نے پیدا کیا ہے۔اس کی تفصیل میں تو میں اس وقت نہیں جا سکتا وہ بڑی عجیب مختلف مؤثرات اور تاثیریں ہیں جن کے نتیجہ میں انسان کے جسم اور اس کے اخلاق بنتے ہیں۔بہر حال اِيَّاكَ نَسْتَعِينُ کی دعا کو ٹھیک طرح سمجھ لینا اور اس کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنا یہ چیز تکبر کو بالکل مٹا دیتی ہے کیونکہ انسان کو پتہ ہے کہ میں کچھ بھی نہیں کر سکتا۔کسی میدان میں بھی میری کوئی حرکت آگے نہیں بڑھ سکتی جب تک اس حرکت سے پہلے خدا تعالیٰ کی رحمانیت کے جلوے موجود نہ ہوں لیکن خدا تعالیٰ کی عظمت و جلال بھی ہو اور رحمانیت کی صفت کو بھی انسان پہچانے تو پھر بھی خود اپنے لئے اپنی کوشش سے راہِ راست اور صراط مستقیم تلاش نہیں کرسکتا۔اس میں بھی اُسے خدا تعالیٰ کی مدد کی ضرورت ہے۔جس کے بغیر وہ راہ راست پر چل نہیں سکتا۔راستہ پر تو وہ چلنا شروع کر دے گا لیکن وہ صرف ”صراط ہوگا صراط مستقیم نہیں ہوگا۔راستہ پر اس لئے چلے گا کہ اللہ تعالیٰ کی صفات کے جلوے اس پر ظاہر ہوئے اور صفت رحمانیت کے جلوے ظاہر ہوئے۔