خطباتِ ناصر (جلد 2۔ 1968ء، 1969ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 897 of 1058

خطباتِ ناصر (جلد 2۔ 1968ء، 1969ء) — Page 897

خطبات ناصر جلد دوم ۸۹۷ خطبہ جمعہ ۲۶ ستمبر ۱۹۶۹ء نکالنی تھی اور وہ تعداد معلوم کرنی تھی جو ۱۹۴۷ء میں بالغ ہو چکی تھی اور جو پہلے بالغ تھے ان کی تعداد تو پہلے ہی دی ہوئی تھی، میں نے حضرت فضل عمر رضی اللہ عنہ کی خدمت میں عرض کیا تو حضور نے فوراً مناسب انتظام کر دیا۔راتوں رات مجھے شاید پچاس ہزار یا ایک لاکھ ضر میں دینی پڑیں اور تقسیمیں کرنی پڑیں لیکن بہر حال ایک نقشہ تیار ہو گیا اور اس نقشہ کے مطابق ضلع گورداسپور کی مسلم بالغ آبادی کی فی صد مجموعی لحاظ سے کچھ زائد تھی۔کم نہیں تھی۔اگلے دن صبح جب مکر چوہدری ظفر اللہ خاں صاحب نے یہ حساب پیش کیا تو ہندو بہت گھبرائے کیونکہ وہ تو اپنے آپ کو حساب کا ماہر سمجھتے تھے اور انہیں خیال تھا کہ مسلمانوں کو حساب نہیں آتا۔بہر حال میں بتا رہا تھا کہ اعداد وشمار کو ظالمانہ طریق پر بھی استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن ہمارے رب کو یہ بات پسند نہیں ہے۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تمہیں سٹیٹس ٹکس (Statistics) یعنی اعداد و شمار پر اپنے منصوبہ کی بنیاد رکھنی پڑے گی لیکن ان اعداد و شمار کا استعمال مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ کے ماتحت ہونا چاہیے۔اس میں دجل نہیں ہونا چاہیے۔ظلم نہیں ہونا چاہیے، بے انصافی نہیں ہونی چاہیے۔حق تلفی نہیں ہونی چاہیے اعداد وشمار کا استعمال ہماری ہدایت کے مطابق ہو۔غرض اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اعدادو شمار جب تمہارے سامنے آئیں گے تو تمہیں کچھ فیصلے کرنے پڑیں گے مثلاً یہ فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کپڑا بننے کے کتنے مزید کارخانوں کی ضرورت ہے۔شکر کے کارخانے کتنے اور چاہئیں۔لوہا کتنا چاہیے۔سیمنٹ کتنا چاہیے۔ہزار قسم کی چیزیں ہیں جن کی آج دنیا میں ضرورت پڑتی ہے ان میں سے ہر چیز کے متعلق فیصلہ کرنا پڑے گا اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ فیصلہ اس کی صفات کے پر تو کے نیچے ہونا چاہیے ، تا تم اس کی رحمت کے سایہ تلے رہو اور اس لئے اس کی رحمت کے سایہ تلے رہو کہ اس طرح تم اس کی صفات کے مظہر بن جاؤ۔اب ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اپنی قضا اور فیصلے کو بنیادی رنگ میں کس طرح پیش کیا ہے، کیا تعلیم دی ہے، کیا بتایا ہے۔اللہ تعالیٰ کی صفات جب فیصلے کرتی ہیں تو ان کی کیا شکل ہوتی ہے جب ہم قرآن کریم پر اس لحاظ سے غور کرتے ہیں تو ہمارے سامنے یہ بات آتی ہے کہ سورہ مومن میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاللهُ يَقْضِي بِالْحَقِّ۔(المؤمن: ۲۱) جب اللہ تعالیٰ