خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 355 of 1056

خطباتِ ناصر (جلد 1 ۔1965ء تا 1967ء) — Page 355

خطبات ناصر جلد اول ۳۵۵ خطبہ جمعہ ۵ راگست ۱۹۶۶ء اشاعت کرنا ہر موصی کا بحیثیت فرد اور اب موصیوں کی مجلس کا بحیثیت مجلس پہلا اور آخری فرض ہے اور اس بات کی نگرانی کرنا کہ وقف عارضی کی سکیم کے ماتحت زیادہ سے زیادہ موصی اصحاب اور ان کی تحریک پر وہ لوگ حصہ لیں جنہوں نے ابھی تک وصیت نہیں کی اور ان پر یہ فرض ہے کہ پہلے وہ اپنے گھر سے یہ کام شروع کریں حتی کہ ان کے گھر میں کوئی مرد ، کوئی عورت کوئی بچہ یا کوئی دیگر فرد جوان کے اثر کے نیچے ہو یا ان کے پاس رہتا ہو ایسا نہ رہے کہ جسے قرآن نہ آتا ہو۔پہلے ناظرہ پڑھنا سکھانا ہے پھر ترجمہ سکھانا ہے۔پھر قرآن کریم کے معانی پھر اس کے علوم اور اس کی حکمتوں سے آگاہ کرنا ہے۔پھر ان علوم کو ایک سخی کی طرح دوسروں تک پہنچانا ہے تا کہ جس فیض سے، جس برکت سے اور جس نعمت سے ہم نے حصہ لیا ہے۔اسی فیض ، برکت اور نعمت سے ہمارے دوسرے بھائی بھی حصہ لینے والے ہوں۔وقف عارضی میں مجھے ہر سال کم از کم پانچ ہزار واقف چاہئیں اس کے بغیر ہم صحیح رنگ میں جماعت کی تربیت نہیں کر سکتے۔یہ سکیم ماہ مئی ۱۹۶۶ء میں شروع ہوئی ہے۔چونکہ اس سال جو سال اول ہے اساتذہ اور طلبہ کی چھٹیوں کا ایک حصہ گزر چکا ہے تاہم اگر وہ کوشش کریں تو اب بھی اس میں حصہ لے سکتے ہیں) اسی طرح بعض ایسے پیشہ والے ہیں جن کو ان دنوں چھٹیاں ہوتی ہیں۔مثلاً بعض عدالتیں بند ہو جاتی ہیں۔وہاں جو احمدی وکیل وکالت کا کام کرتے ہیں وہ بھی اپنی زندگی کے چند ایام اشاعت علوم قرآنی کے لئے وقف کر سکتے ہیں اس لئے ممکن ہے ہمارے اس پہلے سال میں یہ تعداد پانچ ہزار تک نہ پہنچے لیکن یہ بھی تو ممکن ہے کہ یہ تعداد پانچ ہزار تک پہنچ جائے۔جب یہ ممکن ہے تو پھر اس کے لئے کوشش کیوں نہ کی جائے۔اللہ تعالیٰ کے کسی قانون کے ماتحت ہم اسے ناممکن قرار نہیں دے سکتے اس لئے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم سب خصوصاً موصی صاحبان پوری کوشش اور جد و جہد سے کام لیں کہ واقفین عارضی کی تعداد اس سال بھی جو پہلا سال ہے پانچ ہزار تک پہنچ جائے تا تعلیم قرآن کا کام احسن طریق پر کیا جا سکے۔ہمارے موصی صاحبان کا پہلا کام یہ ہے کہ اپنے گھروں میں قرآن کریم کی تعلیم کا انتظام کریں۔دوسرا یہ کہ واقفین عارضی (جن کے سپرد قرآن کریم پڑھانے کا کام کیا جاتا ہے) کی تعداد کو پانچ ہزار تک پہنچانے کی کوشش کریں۔