خطباتِ ناصر (جلد 10۔خطبات عیدین و نکاح) — Page 822
خطبات ناصر جلد دہم ۸۲۲ خطبہ نکاح ۹ / مارچ ۱۹۸۰ء حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے غلبہ اسلام کے دن آگئے تم خوش ہو کہ تو حید حقیقی دنیا میں قائم ہوگی اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے سینوں کو معمور کیا جائے گا۔غلبہ اسلام کی مہم بڑی عظیم الشان مہم ہے۔اس کا تعلق نسلاً بعد نسل بہت سی نسلوں سے ہے اور انسانی نوع میں نسل چلانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے جو جائز طریق بتایا ہے وہ نکاح کا ہے اور آج میں اس وقت ایک نکاح کے اعلان کے لئے کھڑا ہوا ہوں اور یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ان ہر دو خاندانوں اور جماعت کے ہر فرد کی حقیقی خوشیاں تبھی ہوں گی جب اللہ تعالیٰ نے قرآن عظیم میں ہمیں جو تعلیم دی ہے ہم اس کے مطابق زندگیاں گزارنے والے ہوں۔اللہ تعالیٰ نے میاں بیوی کے تعلقات کے متعلق جو احکام دیئے ہیں۔وہ صرف ان کی بہتری اور خوشحالی کے لئے نہیں دیئے بلکہ ان کے ذریعہ ایک ایسا ماحول پیدا کرنا مقصود ہے جس کے نتیجہ میں اسلامی اخوت پیدا ہو۔بچے جو گھروں میں پرورش پانے والے ہوں ان کی تربیت ایسے رنگ میں کی جائے کہ وہ خدا کی وفا اور محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں اپنے لئے خوشیاں دیکھیں اور پائیں۔جو قو میں یا جو خاندان یا میاں بیوی اس حقیقت کو بھول جاتے ہیں وہ حقیقی خوشیاں نہیں پا سکتے۔خدا کرے کہ ہمارے گھر حقیقی خوشی کی فضا سے معمور ہو جائیں۔اس وقت جو نیا خاندان اس نکاح کے اعلان کے ساتھ بننے والا ہے۔دو خاندان ایک میاں کا اور ایک بیوی کا ہوتا ہے۔ان میں شادی بیاہ کی صورت میں اسلامی تعلیم کے مطابق ایک نیا خاندان وجود میں آتا ہے۔دعا ہے اللہ تعالیٰ اسے اپنے ماحول کو خوشگوار بنانے کی توفیق عطا کرے اور انہیں اپنی رحمتوں سے نوازے۔آمین ایجاب وقبول کے بعد اس رشتے کے بہت ہی بابرکت ہونے کے لئے حضور انور نے حاضرین سمیت دعا کرائی۔از رجسٹر خطبات ناصر غیر مطبوعہ )