خطبات مسرور (جلد 7۔ 2009ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 201 of 670

خطبات مسرور (جلد 7۔ 2009ء) — Page 201

201 خطبه جمعه فرموده یکم مئی 2009 خطبات مسرور جلد هفتم پھر عالم نباتات ہے بوٹیوں ، پودوں، پھولوں، پھلوں وغیرہ کی بھی ایک دنیا ہے۔اتنی قسمیں ہیں جن کا شمار نہیں۔پھر ہر قسم میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کی ایک شان نظر آتی ہے۔خوراک کے علاوہ بے شمار بوٹیاں ایسی ہیں اور کئی پودے ایسے ہیں جو کئی بیماریوں کا علاج ہیں۔بعض ان میں سے تحقیق کے بعد انسان کے علم میں آگئی ہیں۔بعض ہو سکتا ہے کہ بہت سی ایسی ہوں جن کی ابھی تحقیق کی ضرورت ہے۔حشرات الارض ہیں، کیڑے مکوڑے ہیں، ان کا ایک اپنا عالم ہے۔غرض کہ بہت سی چیزیں ہیں اس کا ئنات میں جنہیں خدا تعالیٰ نے پیدا کیا ہے اور ہر پیدائش کی ایک غرض اور ایک مقصد ہے جسے وہ پورا کرتا ہے اور جس کو حسب ضرورت کو قائم رکھنے کے بھی خدا تعالیٰ نے سامان پیدا فرمائے ہیں۔پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں: پس ربوبیت الہی بوجہ اس کے کہ وہ تمام ارواح واجسام و حیوانات و نباتات و جمادات وغیرہ پر مشتمل ہے۔فیضان اعم سے موسوم ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت جو ہے تمام روحوں کی ہے تمام جسموں کی ہے ، تمام جانوروں میں ہے، تمام قسم کی نباتات جڑی بوٹیوں میں ہے اور بے جان چیزوں میں بھی ہے۔یہ فیضان عام کہتے ہیں اس کو۔یعنی ایسا فیض جو اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کے لئے عام کیا ہوا ہے۔” کیونکہ ہر ایک موجود اسی سے فیض پاتا ہے اور اس کے ذریعہ سے ہر ایک چیز وجود پذیر ہے ( جو بھی دنیا میں چیز موجود ہے اس سے فیض پا رہی ہے اور اس کا وجود ہر چیز جو ہے وہ اس سے پیدا ہورہی ہے فیض پاتی ہے)۔فرمایا کہ ”ہاں البتہ ربوبیت الہی اگر چہ ہر ایک موجود کی موجد اور ہر ایک ظہور پذیر چیز کی مربی ہے لیکن بحیثیت احسان کے سب سے زیادہ فائدہ اس کا انسان کو پہنچتا ہے“۔(ایام الصلح روحانی خزائن جلد 14 صفحہ 248) کیونکہ خدا تعالیٰ کی تمام مخلوقات سے انسان فائدہ اٹھاتا ہے۔اس لئے انسان کو یاد دلایا گیا ہے کہ تمہارا خدا رب العالمین ہے۔تا انسان کی امید زیادہ ہو اور یہ یقین کرے کہ ہمارے فائدہ کے لئے خدا تعالیٰ کی قدرتیں وسیع ہیں اور طرح طرح کے عالم اسباب ظہور میں لاسکتا ہے۔پس خدا تعالیٰ جو رب العالمین تو ہے ہی ، ہر چیز جو دنیا میں موجود ہے چاہے اس کا علم ہمیں ہے یا نہیں وہ خدا تعالیٰ کی پیدا کردہ ہے اور پھر انسان پر اس رب العالمین کا یہ احسان ہے کہ جو چیزیں بھی خدا تعالیٰ نے پیدا کی ہیں اس کو اشرف المخلوقات کے لئے فائدہ مند بنایا تا کہ وہ ان سے فائدہ اٹھا سکے۔اور جوں جوں دنیا تحقیق کے ذریعہ خدا تعالی کی مختلف قسم کی پیدائش کے بارہ میں علم حاصل کر رہی ہے اس میں انسانی فوائد واضح طور پر نظر آتے چلے جا رہے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اللہ تعالیٰ کی ان تمام پیدا کی ہوئی چیزوں کا ذکر کر کے فرمایا کہ یہ