خطبات مسرور (جلد 5۔ 2007ء) — Page 419
419 خطبہ جمعہ 12 اکتوبر 2007ء خطبات مسرور جلد پنجم انشاء اللہ، کہ یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے۔ہمیں اپنی کمزوریوں پر نظر رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہوئے ، شعائر اللہ کی حفاظت کرتے ہوئے اس انقلاب کا حصہ بنا ہے تبھی ہم اس زمانے اور ان جمعوں کی برکات سے فیضیاب ہونے والے کہلا سکیں گے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا ایک ارشاد پیش کرتا ہوں۔آپ فرماتے ہیں کہ: خدا تعالیٰ نے جو اتمام نعمت کی ہے وہ یہی دین ہے جس کا نام اسلام رکھا ہے۔پھر نعمت میں جمعہ کا دن بھی ہے جس روز اتمام نعمت ہوا۔یہ اس طرف اشارہ تھا کہ پھر تمام نعمت جو لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ (الصف: (10) کی صورت میں ہوگا ، وہ بھی ایک عظیم الشان جمعہ ہوگا۔وہ جمعہ اب آ گیا ہے کیونکہ خدا تعالیٰ نے وہ جمعہ مسیح موعود کے ساتھ مخصوص رکھا ہے۔اس لئے کہ اتمام نعمت کی صورتیں دراصل دو ہیں۔اول تکمیل ہدایت ، دوم تکمیل اشاعت ہدایت۔اب تم غور کر کے دیکھو تکمیل ہدایت تو آنحضرت ﷺ کے زمانہ میں کامل طور پر ہو چکی لیکن اللہ تعالیٰ نے مقدر کیا تھا کہ تکمیل اشاعت ہدایت کا زمانہ دوسرا زمانہ ہو، جبکہ آنحضرت ﷺ بروزی رنگ میں ظہور فرما دیں اور وہ زمانہ مسیح موعود اور مہدی کا زمانہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُله اس شان میں فرمایا گیا ہے۔تمام مفسرین نے بالا تفاق اس امر کو تسلیم کر لیا ہے کہ یہ آیت مسیح موعود کے زمانہ سے متعلق ہے۔در حقیقت اظہار دین اسی وقت ہو سکتا ہے جبکہ کل مذاہب میدان میں نکل آویں اور اشاعت مذہب کے ہر قسم کے مفید ذریعے پیدا ہو جائیں اور وہ زمانہ خدا کے فضل سے آ گیا ہے۔چنانچہ اس وقت پریس کی طاقت سے کتابوں کی اشاعت اور طبع میں جو جو سہولتیں میسر آئی ہیں وہ سب کو معلوم ہیں۔ڈاکخانوں کے ذریعہ سے کل دنیا میں تبلیغ ہوسکتی ہے۔اخباروں کے ذریعہ سے تمام دنیا کے حالات پر اطلاع ملتی ہے۔ریلوں کے ذریعہ سے سفر آسان کر دئے گئے ہیں۔غرض جس قدر آئے دن نئی ایجاد میں ہوتی جاتی ہیں اسی قدر عظمت کے ساتھ مسیح موعود کے زمانہ کی تصدیق ہوتی جاتی ہے اور اظہار دین کی صورتیں نکلتی آتی ہیں۔اس لئے یہ وقت وہی وقت ہے جس کی پیشگوئی اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کے ذریعہ سے لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِہ کہا کر فرمائی تھی۔یہ وہی زمانہ ہے جو الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي (المائدة: 4) کی شان کو بلند کرنے والا اور تکمیل اشاعت ہدایت کی صورت میں دوبارہ اتمام نعمت کا زمانہ ہے۔اور پھر یہ وہی وقت اور جمعہ ہے جس میں وَاخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمُ کی پیشگوئی پوری ہوتی ہے۔اس وقت رسول اللہ ﷺ کا ظہور بروزی رنگ میں ہوا ہے اور ایک جماعت صحابہ کی پھر قائم ہوئی ہے۔اتمام نعمت کا وقت آپہنچا ہے لیکن تھوڑے ہیں جو اس سے آگاہ ہیں اور بہت ہیں جو ہنسی کرتے اور ٹھٹھوں میں اڑاتے ہیں۔مگر وہ وقت قریب ہے کہ خدا تعالیٰ اپنے وعدہ کے موافق تجلی فرمائے گا اور اپنے زور آور حملوں سے دکھا دے گا کہ اس کا نذیر سچا ہے“۔(ملفوظات حضرت مسیح موعو جلد دوم صفحه 134-135 جدید ایڈیشن)