خطبات مسرور (جلد 5۔ 2007ء) — Page 244
خطبات مسرور جلد پنجم 244 خطبہ جمعہ 8 /جون 2007ء پس یہ فساد جو اس زمانے میں ہمیں پھیلا ہوا نظر آتا ہے یہ ان بدیوں کی وجہ سے ہے جس میں آج کا معاشرہ ملوث ہے۔یہ اس حکم کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہے یا ان احکامات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہے جن کی طرف اللہ تعالیٰ نے ہمیں توجہ دلائی ہے۔یہ سب نظارے جو ہمیں نظر آ رہے ہیں کہ ہر مسلمان ملک اور ہر مسلمان کہلانے والا شخص با وجود آزادی کے محکوم ہے، غیروں کی نظر میں مشکوک ہے گو کہ دنیا کا ہر ملک چاہے مسلمان ہو یا غیر مسلمان ہو روحانی لحاظ سے دیوالیہ ہو گیا ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔اخلاقی برائیاں اور گراوٹیں حد سے زیادہ ہو چکی ہیں۔تو یہ لوگ اگر اپنے آپ کو نہیں بدلیں گے تو اللہ تعالیٰ کی سزا کا مزا چکھیں گے۔لیکن ایک مسلمان کا فرض بنتا ہے کہ جن کی کتاب میں، جن کی شریعت میں ، ایک ایسی کتاب میں جو آخری شریعت لے کر آئی ہے اللہ تعالیٰ نے وارننگ دے دی ہے کہ جو جھٹکے مل رہے ہیں ان سے سبق حاصل کرو اور ایسے موقعوں پر اللہ تعالیٰ جب حالات کو بدلنے کے لئے اپنے بندوں کو مبعوث کرتا ہے، جو نیکیوں کی طرف توجہ دلاتے ہیں تو ان مبعوث ہونے والوں کے پیغام کو سنو جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے مبعوث ہوتے ہیں۔حالات کی وجہ سے خود غور کرو اور ان کو تلاش کرو تا کہ خود بھی بچ جاؤ اور پھر اس پیغام کو لے کر آگے بڑھو اور دنیا کو اس تباہی سے بچاؤ۔پس ہر مسلمان کو غور کرنا چاہئے اور ہوش کرنی چاہئے۔ورنہ یا درکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی وارننگ بڑی سخت ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرماتے ہیں کہ اس وقت لوگ روحانی پانی کو چاہتے ہیں۔زمین بالکل مر چکی ہے۔یہ زمانہ ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ کا ہو گیا ہے۔جنگل اور سمندر بگڑ چکے ہیں۔انسانوں کے ہر طبقے میں فساد واقع ہو گیا ہے۔جس پہلو اور جس رنگ میں دیکھو دنیا کی حالت بدل گئی ہے۔روحانیت باقی نہیں رہی اخلاقی اور عملی کمزوریوں میں ہر چھوٹا بڑا مبتلا ہے۔خدا پرستی اور خدا شناسی کا نام ونشان مٹا ہوا نظر آتا ہے۔اس لئے اس وقت ضرورت ہے کہ آسمانی پانی اور نور نبوت کا نزول ہوا اور مستعد دلوں کو روشنی بخشے۔خدا تعالیٰ کا شکر کرواس نے اپنے فضل سے اس وقت اس نور کو نازل کیا ہے۔مگر تھوڑے ہیں جو اس نور سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔الحکم جلد 7 مورخہ 31 / مارچ 1903 صفحہ 2 پس احمدی خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس نور سے فائدہ اٹھانے کی توفیق بخشی ہے۔پس اس نور کو اپنے قول سے اور اپنے عمل سے پھیلانے کی کوشش کریں تا کہ دنیا کو بھی ان آفات سے محفوظ کر سکیں جن کی طرف دنیا جارہی ہے اور جن کی وجہ سے ہو سکتا ہے کہ دنیا کا بہت بڑا حصہ تباہی کی لپیٹ میں آجائے۔اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔( مطبوعه الفضل انٹر نیشنل لندن مورخہ 29 جون تا 5 جولائی 2007 ء ص 5 تا 8 )