خطبات مسرور (جلد 13۔ 2015ء) — Page 81
خطبات مسرور جلد 13 81 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 30 جنوری 2015ء خلافت سے محبت کی پر خلوص باتوں کا ضرور اثر ہوتا۔ان کے پاس اگر کوئی بیٹھتا تو ہر وقت یہی باتیں کرتیں۔بہت خواہشمند تھیں کہ ہم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی توقعات پر پورا اتریں۔دوران گفتگوان کی بات کی تان ہمیشہ قرآنی آیت یا حدیث نبوی یا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے کلام پر ٹوٹی تھی۔فاطمہ جمعہ صاحبہ لکھتی ہیں کہ جب سے میں نے بیعت کی ہے مرحومہ نے ہمیشہ میراخیال رکھا اور مجھے کبھی نہیں چھوڑا۔جب کسی بچے کو قرآن کریم کی تلاوت کرتے یا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا قصیدہ پڑھتے سنتیں تو تحفہ دے کر اس کی حوصلہ افزائی کرتی تھیں۔فاطمہ صاحبہ لکھتی ہیں کہ آخری بار جب ہم ملنے گئے تو مجھے کہا: میں تم لوگوں کو وصیت کرتی ہوں کہ تم ہر حال میں ہمیشہ خلیفہ وقت کی بات ماننا۔اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور ان کی اولا داور نسل کو بھی ہمیشہ جماعت سے وابستہ رکھے۔اسلام کی حقیقی خدمت کرنے والے بنائے جیسا کہ ان کی خواہش تھی کہ ان کی نسل میں ہمیشہ حقیقی اسلام قائم رہے۔دوسرا جنازہ مکرمہ حبیبہ صاحبہ میکسیکو کا ہے جو 19 جنوری 2015ء کو سو سال سے زائد عمر میں وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُون۔آپ نے جون 2014ء میں احمدیت قبول کی تھی۔مرحومہ نے ضعیف العمری میں اسلام قبول کیا مگر اس عمر میں بھی انہوں نے نماز سیکھی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے نمازوں کی پابند تھیں۔دعا گو ، عبادت گزار، بکثرت ذکر الہی کرنے والی ، خوش مزاج اور نیک خاتون تھیں۔وفات سے قبل نماز ظہر ادا کی۔زبان پر ذکر الہی جاری تھا تو اس دوران ہی ان کی وفات ہوگئی۔آپ کی ولادت میکسیکو کی چیا پہ (Chiapa) سٹیسٹ کے ایک گاؤں زکز و (Zaktzu) میں کیتھولک مذہبی گھرانے میں ہوئی۔ان کے والد اپنے علاقے کے معروف پادری تھے جنہوں نے کیتھولک چرچ سے علیحدگی اختیار کر کے پروٹسٹنٹ فرقہ اختیار کیا۔1981ء میں مذہبی مخالفت کی بنا پر قتل کر دیئے گئے۔مرحومہ کے خاوند ان کی جگہ اس فرقہ کے پادری مقرر ہوئے۔1996ء میں مرحومہ کے پوتے امام ابراہیم صاحب نے اسلام قبول کیا اور ان کی تبلیغ سے مرحومہ کے خاوند اور خاندان کے اکثر افراد نے احمدیت کو قبول کر لیا اور اب ان کے سب پوتے اور پوتیاں اور بچگان احمدی مسلمان ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور ان کی نسلوں کو ہمیشہ جماعت احمد یہ مسلمہ سے منسلک رکھے اور مرحومہ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔(الفضل انٹر نیشنل مورخہ 20 فروری 2015 ء تا 26 فروری 2015 ءجلد 22 شماره 08 صفحه 05 تا08)