خطبات مسرور (جلد 13۔ 2015ء) — Page 266
خطبات مسرور جلد 13 266 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 124 اپریل 2015 ء کمال ہی فائدہ دیتا ہے اس کی کوشش کرنی چاہئے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام فرمایا کرتے تھے کہ آجکل ہم سے فائدہ وہی اٹھاتے ہیں جو گہرا تعلق رکھتے ہیں۔یا تو پوری مخالفت کرنے والے مثلاً مولوی ثناء اللہ صاحب وغیرہ انہیں کو فائدہ ہو رہا ہے۔دوسرے چھوٹے چھوٹے مولویوں کو کوئی پوچھتا بھی نہیں۔یا کامل اخلاص رکھنے والے۔ادنی تعلق فائدہ نہیں دیتا۔اگر انسان خدا تعالیٰ کی طرف چل پڑے تو جیسا پہلوں کے ساتھ معاملہ ہوا اس کے ساتھ بھی ہو گا۔اس زمانے میں بھی یہ ہوسکتا ہے۔اگر انسان حقیقت میں اس کی کوشش کرے تبھی یہ ہو گا۔خدا تعالیٰ کی کسی سے دشمنی نہیں ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کامل طور پر اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کے آگے ڈال دیں۔اس کے آستانے پر اپنے آپ کو گرا دیں تو آپ ہی آپ سب کچھ حاصل ہو جائے گا۔اور جو ترقی ہمارے لئے ضروری ہے آپ ہی آپ ہمیں مل بھی جائے گی۔ایک عام مثال ہے کہ آگ کے پاس بیٹھنے سے انسان کے سب اعضاء جو ہیں وہ گرم ہو جاتے ہیں۔تو یہ کس طرح ممکن ہے کہ انسان سب کچھ چھوڑ کر خدا تعالیٰ کے پاس آئے اور خدا تعالیٰ کے فضل سے وہ حصہ نہ لے۔(ماخوذ از خطبات محمود جلد 17 صفحه 470-471) پس ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ خدا کو حاصل کریں۔خدا تعالیٰ کے بھیجے ہوئے مذہب کی حقیقت کو سمجھیں۔خدا تعالیٰ کی محبت کو ایک ایسی شئے بنا ئیں جو طبعی چیز بن جائے اور یہی چیز ہمارے اخلاق کے بھی اعلیٰ معیار قائم کرنے والی ہوگی اور دنیاوی ترقیات بھی ہم حاصل کرتے چلے جائیں گے۔اللہ تعالیٰ کے نور سے اگر ہم حصہ لینے کی کوشش کریں تو تبھی ہم حقیقت میں فیض پاسکتے ہیں۔جب ہم ایک لگن کے ساتھ اس نور سے حصہ لینے کی کوشش کریں گے تو جھوٹ جو اندھیرا ہے وہ بھی ہم سے خود بخود الگ ہو جائے گا۔ستی، فریب اور دغا اور جو دوسری برائیاں ہیں، دوسروں کے حق مارنا یہ سب ظلمات ہیں۔یہ بھی اللہ تعالیٰ کے نور کی وجہ سے خود بخود دور ہو جائیں گی۔ہمارے اخلاق بھی بلند ہوتے چلے جائیں گے اور دنیاوی ترقیات بھی ملتی رہیں گی۔پس اس معاشرے میں رہتے ہوئے اپنی نسلوں کو اگر دنیا داری کے بداثرات سے بچانا ہے، مذہب اور اخلاق کا جوڑ انہیں سمجھانا ہے، دنیاوی ترقی کو بھی حقیقی مذہب کے تابع ثابت کر کے انہیں یعنی ان کی نسلوں کو مذہب سے جوڑنا ہے تو ہمیں اللہ تعالیٰ سے حقیقی تعلق جوڑنے کی خود بھی کوشش کرنی چاہیئے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 15 مئی 2015 ء تا 21 مئی 2015 ، جلد 22 شماره 20 صفحہ 05 تا08)