خطبات مسرور (جلد 12۔ 2014ء) — Page 233
خطبات مسرور جلد 12 233 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 11 اپریل 2014ء دوسرا جنازہ مکرم سید محمود احمد شاہ صاحب آف کراچی کا ہے۔جو 29 / مارچ 2014ء کو 76 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پاگئے۔انَّا لِلهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ۔یہ اپنے گھر میں تھے کہ وضو کر کے عصر کی نماز پڑھنے کے لئے اپنے کمرے میں گئے ہیں۔کافی انتظار کے بعد جب ان کی اہلیہ نے جاکے دیکھا تو جائے نماز بھی کھولی نہیں تھی ، فولڈ کی ہوئی جائے نماز پڑی تھی ، یا نماز پڑھ لی تھی یا پڑھنے سے پہلے بہر حال جائے نماز پر یہ گرے ہوئے تھے تو بستر پر ڈالا ، ایمبولینس آئی، انہوں نے چیک کر کے بتایا کہ ان کی وفات ہو چکی ہے۔آپ حضرت سید ناظر حسین شاہ صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیٹے اور مکرم عبد اللہ شاہ صاحب جو حضرت خلیفہ اسیح الرابع کے خالہ زاد بھائی تھے ان کے داماد تھے۔نہایت شفیق، حلیم، نیک، دعا گو، نظام جماعت اور خلافت سے بے انتہا محبت کا تعلق رکھنے والے تھے۔جماعتی کاموں میں مختلف ذمہ داریوں پر طویل عرصے تک ان کو خدمت بجالانے کی توفیق ملی۔تہجد گزار، نمازوں کے پابند ، با قاعدگی سے وقف عارضی بھی کرتے تھے۔جلسہ سالانہ کا ہر سال بے چینی سے انتظار کرتے۔یہاں آتے تھے اور جلسہ میں شمولیت اور خلیفہ وقت سے ملاقات کا بھی ان کو بڑا شوق ہوتا تھا۔لمبے عرصہ تک کراچی میں اپنے حلقے کے سیکرٹری وصایا کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔موصی تھے۔اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور چار بیٹے یاد گار چھوڑے ہیں جو سارے پاکستان سے باہر ہی آسٹریلیا، کینیڈا، امریکہ اور سویڈن وغیرہ میں رہتے ہیں۔ان کے دو بھائی یہاں ہیں۔ایک سید نصیر شاہ صاحب ہیں جو آجکل یو۔کے میں شعبہ رشتہ ناطہ کے انچارج ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔رحم کا سلوک فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر اور حوصلہ دے اور ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 02 مئی 2014 ء تا 08 مئی 2014 ، جلد 21 شماره 18 صفحہ 05 تا 09)