خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 62
خطبات مسرور جلد 11 62 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 25 جنوری 2013ء حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو گالیاں دینے کے اور کچھ نہیں ہو رہا ہوگا۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت بیان نہیں ہو رہی ہوگی بلکہ صرف اور صرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو گالیاں دی جا رہی ہوں گی۔جماعت کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی جارہی ہوگی۔پس ایک طرف تو یہ ان لوگوں کا سلوک ہے جو دنیا دار ہو چکے ہیں۔مسلمان کہلانے کے باوجود اسلام سے دور ہٹ چکے ہیں اور دوسری طرف اللہ تعالیٰ کا سلوک جو صحابہ کے ساتھ تھا کہ اللہ تعالیٰ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے وجود میں ظاہر کر رہا ہے ، اُن کو دکھا رہا ہے، اُن کی تسلی کرا رہا ہے اور آج بھی دنیا کے مختلف علاقوں میں اللہ تعالیٰ اسی طرح کے نظارے اپنے نیک فطرت اور سعید لوگوں کو دکھا رہا ہے اور اسی وجہ سے وہ جماعت میں آرہے ہیں ، قبول کر رہے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی غلامی میں بیعت میں آکر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی غلامی کو اختیار کر رہے ہیں۔اللہ کرے کہ یہ لوگ جو مخالفین ہیں ان کی بھی آنکھیں کھلیں اور بجائے یہ نام نہاد مسلمان کہلانے کے حقیقی مسلمان بننے والے ہوں اور جو خدا تعالیٰ کی آواز ہے اُس کو سننے والے ہوں۔الفضل انٹرنیشنل مورخہ 15 فروری 2013 تا 21 فروری 2013 ، جلد 20 شماره 7 صفحه 5 تا 9)