خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 611 of 775

خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 611

خطبات مسرور جلد 11 611 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 8 نومبر 2013ء شامل ہو کر اُن لوگوں میں کیا انقلاب آ سکتا ہے؟ دنیاوی لحاظ سے تو یہ لوگ آپ سے بہت آگے ہیں۔ظاہری اخلاق بھی ان کے بہت اعلیٰ ہیں۔کوئی نئی چیز اگر ہم ان کو دے سکتے ہیں تو خدا تعالیٰ سے تعلق جوڑنے کا طریق سکھا سکتے ہیں۔ہم یہی ان کو بتا سکتے ہیں کہ اب زندہ مذہب صرف اسلام ہے۔ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کی عبادت کا حق کس طرح ادا ہوتا ہے؟ ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کس طرح دعاؤں کو سنتا ہے؟ ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ خدا تعالیٰ اپنے بندوں سے کس طرح کلام کرتا ہے؟ لیکن یہ سب کچھ کرنے کے لئے ہمیں اپنے جائزے لینے ہوں گے۔خدا تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنا ہوگا۔اپنی نمازوں کی حفاظت کرنی ہوگی۔اپنی عبادتوں کے حق ادا کرنے ہوں گے۔آپس میں محبت اور پیار سے رہنا ہوگا۔اپنے اخلاق کے وہ اعلیٰ معیار حاصل کرنے ہوں گے جو جاپانی قوم کے اخلاق سے بہتر ہوں۔جیسا کہ میں نے کہا ظاہری اخلاق تو ان میں بہت ہیں۔انسانی ہمدردی بھی ان میں ہے۔احسان کا بدلہ احسان کر کے ادا کرنے کی اسلامی تعلیم پر بھی یہ عمل کر رہے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اس لئے فرمایا ہے کہ ان لوگوں میں جو تو جہ پیدا ہوئی ہے، یہ کسی سعادت مندی کی وجہ سے ہے اس لئے ان کو اسلام کی اصل اور حقیقی تعلیم سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔پس اس سعادت سے جو ان لوگوں میں ہے، بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔جو اخلاق ان میں ہیں ان اخلاق سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے اور اس کے لئے ہمیں اسلام کا حسن انہیں دکھانا ہو گا خدا تعالیٰ کا بندہ سے تعلق کا عملی نمونہ انہیں دکھانا ہوگا۔اس کے لئے یہاں رہنے والے ہر احمدی کو قرآن کریم کی تعلیم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اُسوہ کو ہر وقت سامنے رکھنا ہو گا۔پس اس بات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔اس کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے جو راہنمائی فرمائی ہے اس کی جگالی کرتے رہیں۔ان میں سے بعض باتیں میں آپ کے سامنے رکھتا ہوں۔پہلی بات تو ہمیشہ ہمیں اپنے سامنے رکھنے کی ضرورت ہے کہ اللہ تعالیٰ عہدوں کے بارے میں پوچھے گا۔جو تم نے عہد کئے ہیں اُس کے بارے میں پوچھے گا۔اور اس زمانے میں ہم نے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے عہد بیعت کیا ہے، اتنا کافی نہیں کہ ہم نے بیعت کر لی اور احمدی ہو گئے۔جو پرانے احمدی ہیں وہ خلافت کے ہاتھ پر بیعت کی تجدید کرلیں اور اتنا ہی کافی سمجھیں۔عہد بیعت ایک مطالبہ کرتا ہے جس کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے دس شرائط بیعت کی صورت میں ہمارے سامنے پیش فرمایا۔اگر اس کا خلاصہ بیان کریں تو یہ ہے کہ ہر حالت میں دین ، دنیا پر مقدم رہے گا۔ہم ہمیشہ یہ کوشش کریں گے کہ دین کو دنیا پر مقدم رکھیں۔