خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 215
خطبات مسرور جلد 11 215 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 5 اپریل 2013ء پس دونوں کاموں کے لئے بلند حوصلہ ہونا اور بلند حوصلہ دکھانا بہت ضروری ہے۔صبر کے اعلیٰ معیار قائم کرنے بہت ضروری ہیں۔اطاعت کے اعلیٰ معیار قائم کرنا اور کروانا بہت ضروری ہے۔اپنے قول وفعل میں مطابقت رکھنا بہت ضروری ہے۔جیسا کہ میں نے کہا ، مربیان جماعت کی دینی اور روحانی ترقی کے لئے خلیفہ وقت کے نمائندے ہیں۔پس اس نمائندگی کا حق ادا کرنے کی کوشش کریں۔سخت حالات بھی آئیں گے۔بعض لوگوں اور عہدیداران کے رویے ایسے بھی ہوں گے جو پریشان کریں گے۔بعض موقعوں پر صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو گا۔آخر انسان انسان ہے لیکن فوراً دعا اور استغفار اور اس سوچ کو سامنے لائیں کہ ہم نے خدا تعالیٰ کی خاطر اپنی زندگیاں وقف کی ہیں۔ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ جماعت کی تربیت کے اعلیٰ معیار بھی قائم کرنے ہیں اور بھٹکی ہوئی دنیا کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے بھی لے کر آنا ہے۔جب یہ سوچ ہو گی تو کسی کی بات آپ کو اپنے مقصد کے حصول سے یا حصول کی کوشش سے ہٹا نہیں سکے گی۔الْعِزَّةُ لِلہ ہر وقت آپ کے سامنے رہے گا۔آپ نے اپنی زندگیاں وقف کرنے کا جو ایک عہد کیا ہے وہ آپ کے سامنے رہے گا۔اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور عزت ہی آپ کے سامنے رہے گی نہ کہ اپنی، تو عہد یداران کے غلط رویوں کی برداشت آپ کو خدا تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والا بنارہی ہوگی۔کیونکہ ہر قسم کے حالات میں آپ يَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ پر عمل کر رہے ہوں گے۔پس مربی کا کام صرف اپنے آپ کو تفرقہ سے بچانا اور آگ کے گڑھے سے دور کرنا نہیں ہے بلکہ دنیا کو بھی تفرقہ سے بچانا ہے اور آگ کے گڑھے سے دُور کرنا ہے اور یہ کام جیسا کہ میں نے کہا، قربانی کے بغیر نہیں ہوسکتا۔پھر دوسرے نمبر پر اس آیت کے تحت وہ گروہ بھی آتا ہے جو جماعتی عہدیدار ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو جماعت کی خدمت کے لئے پیش کیا۔جماعتی عہد یداروں کے سپر د بھی ایک امانت ہے اور امانت کا حق ادانہ کرنے والے اللہ تعالیٰ کی پکڑ میں آسکتے ہیں۔یہ قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر فرمایا ہے کہ تم پوچھے جاؤ گے اور امانت کا حق تبھی ادا ہو گا یا ہو سکتا ہے جب اپنے قول و فعل میں مطابقت پیدا کی جائے۔عہدے صرف عہدے لینے کے لئے نہ ہوں بلکہ خدمت کے جذبے اور اخلاص و وفا کے نمونے قائم کرنے اور کروانے کے لئے ہوں۔سیّدُ الْقَوْمِ خَادِمُهُمْ کا ارشاد ہمیشہ پیش نظر ہو۔(کنز العمال جلد 6 صفحه 302 کتاب السفر قسم الاقوال الفصل الثانی آداب متفرقة حدیث نمبر 17513 دار الكتب العلمية بيروت ایڈیشن 2004ء)