خطبات محمود (جلد 8) — Page 269
269 انگریزی خوانوں کو حقیر سمجھتے اور ان سے عداوت رکھتے ہیں یا نہیں۔کیونکہ ہم نے ان کے دل پھاڑ کر نہیں دیکھے۔پھر میں کہتا ہوں اس نے کس طرح سمجھ لیا کہ ان مولویوں کو انگریزی خوانوں سے عداوت اور نفرت ہے جو سالہا سال سے خدمت دین کر رہے ہیں۔جنہوں نے اپنے وطنوں کو چھوڑا۔آبائی مذہب کو چھوڑا۔رشتہ داروں کو ترک کر دیا جنہوں نے اس قسم کی قربانیاں کیں جو قابل قدر ہیں اور پھر جو وہ منہ سے اقرار کرتے ہیں اس کے مطابق کام کر کے بھی دکھلاتے ہیں پھر جبکہ وہ اس بات سے انکار کر رہے ہیں کہ ان کو انگریزی خوانوں سے عداوت ہے ایسے لوگوں کے متعلق اگر کہا جائے کہ ان کے دل میں عداوت ہے تو اس سے بڑھ کر اور کیا بدظنی ہو سکتی ہے۔اگر کسی کے متعلق بدظنی سے کام لینا چاہئیے تو پھر میں بھی ہر ایک بیعت کرنے والے پر بد ظنی کروں کہ معلوم نہیں کہ یہ کس غرض سے بیعت کرتا ہے اور جو بھی کام کرے اس کے متعلق سمجھوں کہ نہ معلوم کسن نیت سے کام کرتا ہے تو پھر کام کس طرح ہو۔دنیا میں بہت سے ایسے نالائق بادشاہ گزرے ہیں جو بد ظنی کرتے اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر اپنے خادموں کو قتل کرا دیتے تھے۔لیکن وہ دنیا میں کبھی عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھے گئے۔دوسرے لوگ ہمیشہ ان کو ذلیل سمجھتے رہے ہیں انہوں نے محض بدظنی کی بنا پر اپنے وفادواروں کو قتل کرایا۔پس بدظنی کرنے والا کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔بعض لوگوں کو بدظنی سے نفع کا خیال ہوتا ہے لیکن یہاں تو بدظنی سے کوئی نفع نہیں حاصل ہو سکتا۔اس بدظنی سے انگریزی خوانوں کو بھلا کیا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔پس میں بھی نبی کریم کی طرح کہتا ہوں کہ کیا تم نے عربی خوانوں کے دلوں کو پھاڑ کر دیکھ لیا ہے کہ ان کے دل میں انگریزی خوانوں سے عداوت ہے۔باقی مولوی سرور شاہ صاحب کے خطبہ سے جو نتیجہ نکالا گیا تھا۔اور جو غلط مفہوم سمجھا گیا تھا۔اس وجہ سے میں نے اگلے جمعہ میں ہی تردید کر دی تھی۔میں نے کہا تھا کہ میں نے وہ خطبہ نہیں سنا۔بعض اوقات جب میں تکلیف کی وجہ سے بول نہ سکوں تو جمعہ میں آجاتا ہوں اور خطبہ میری موجودگی میں ہوتا ہے لیکن اس دفعہ میں آبھی نہیں سکا تھا۔اور میں نے نہیں سنا تھا کہ مولوی صاحب نے کیا کہا تھا۔اس لئے میں نے کہا تھا میں امید نہیں کر سکتا کہ جو مضمون مولوی صاحب کی طرف منسوب کیا جاتا ہے وہ واقع میں انہوں نے بیان کیا ہو۔اور میں نے اس بات کی تشریح کر دی تھی مگر دیکھو کہ بدظنی کا پہلا خطرناک نتیجہ کیا نکلتا ہے۔اور بدظنی سے انسان کہاں تک پہنچتا ہے اس شخص نے بدظنی سے ایسے شخص کے متعلق استدلال کیا جو اس کا محسن تھا۔سب سے پہلے جس شخص کی طرف سے مولوی صاحب کے خطبہ کے متعلق مجھے یہ کہا گیا کہ چونکہ مولوی صاحب کے مضمون سے لوگوں نے غلط نتیجہ نکالا ہے اور خطرہ ہے کہ انگریزی خوانوں کے دلوں کو اس سے تکلیف پہنچے اس لئے مولوی صاحب کو جلدی تدارک