خطبات محمود (جلد 36)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 313 of 338

خطبات محمود (جلد 36) — Page 313

خطبات محمود جلد نمبر 36 313 $1955 حضرت خلیفہ المسیح اول ایک لطیفہ سنایا کرتے تھے۔آپ فرماتے تھے کہ دنیا میں جو طفیلی مشہور ہیں ان کو اس لیے طفیلی کہا جاتا ہے کہ ایک شخص محمد طفیل نامی اس گروہ کا بانی تھا اور اُس کا یہ عقیدہ تھا کہ انسان کو کما نانہیں چاہیئے بلکہ دوسروں سے مانگ کر کھانا چاہیئے۔اُس کے شاگرد بھی یہی عقیدہ رکھتے تھے۔اُن کا ایک بڑا مخلص شاگر د تھا جب وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس جانے لگا تو وہ ان سے کہنے لگا کہ مجھے کوئی ایسا سبق دیجئے جو اس سے پہلے آپ نے کبھی نہ پڑھایا ہو۔وہ کہنے لگا تم بہت نیک ہو اور مجھے امید ہے کہ تم میری نصائح پر پوری طرح عمل کرو گے۔اس لئے ایک نصیحت تو میں تمہیں یہ کرتا ہوں کہ جب تم مانگنے کے لئے نکلو تو تم یہ نہ دیکھو کہ جس سے تم مانگتے ہو وہ کون ہے۔چاہے کوئی ہو اُس سے تم سوال کر دیا کرو۔اُس نے کہا بہت اچھا۔کوئی اور نصیحت فرمائیے۔انہوں نے کہا میری دوسری نصیحت یہ ہے کہ مانگتے وقت یہ نہ دیکھو کہ موقع کیا ہے۔کوئی بھی موقع ہو تم آگے بڑھ کر مانگنے لگ جایا کرو۔اور تیسری نصیحت یہ ہے کہ اس کے بعد یہ نہ دیکھو کہ کوئی تمہیں دیتا کیا ہے۔وہ تمہیں جو کچھ بھی دے دے لے لو اور اُ سے کہو۔اللہ تمہارا بھلا کرے۔استاد کو اپنے اس شاگرد سے بہت پیار تھا اس لیے وہ اُسے الوداع کہنے کے لیے شہر سے کچھ دور باہر گئے۔قریب ایک مسجد تھی۔وہ الوداع کہنے کے بعد مسجد کے غسل خانہ میں چلے گئے۔کیونکہ انہوں نے دیر سے اپنی بغلوں وغیرہ کی صفائی نہیں کی تھی وہ اُسترے سے اپنی بغلیں صاف کر رہے تھے کہ باہر سے انہیں اُسی شاگرد نے آواز دی کہ حضور ! خدا تعالیٰ کی خاطر مجھے کچھ دیں۔استاد نے کہا بے حیا ! مجھے غسل خانہ سے تو باہر نکلنے دے۔شاگرد نے کہا حضور ! آپ نے ہی تو نصیحت کی تھی کہ جب مانگنے جاؤ تو یہ مت دیکھو کہ موقع کیا ہے۔پھر انہوں نے کہا تو جانتا نہیں میں تیرا اُستاد ہوں اور تُو مجھ سے ہی مانگنے کے لیے آ گیا ہے؟ شاگرد نے کہا حضور ! آپ نے ہی تو نصیحت فرمائی تھی کہ مانگنے جاؤ تو یہ مت دیکھو کہ تم کس شخص سے مانگ رہے ہو۔اِس پر اُستاد نے وہی بغلوں کے بال اُس کے ہاتھ پر رکھ دیئے۔اس پر شاگرد کہنے لگا اللہ آپ کا بھلا کرے اور آپ کو بہت بہت دے۔تم بھی بلکہ اسی رنگ میں اپنے غیر احمدی دوستوں کے پاس جاؤ اور اُن کے سامنے سارے حالات رکھو اور کہو کہ اِس اِس طرح احمد یہ جماعت تمام دنیا میں اسلام کی اشاعت کر رہی ہے۔