خطبات محمود (جلد 31) — Page 223
$1950 223 (28) خطبات محمود ہمارے کاموں کے اندر علمیت ، افادیت اور ایثار پایا جانا چاہیے (فرموده 17 نومبر 1950ء بمقام ربوہ ) تشهد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: قریبا تین مہینہ کے بعد اس ہفتہ میں میری کھانسی کی یہ حالت ہوئی ہے کہ معلوم ہوتا ہے اب وہ ہٹنے والی ہے۔دو دن تو ایک دفعہ بھی کھانسی نہیں اُٹھی۔کل سے پھر اُٹھنی شروع ہوئی ہے۔لیکن اُس کھانسی اور اس کھانسی میں اتنا فرق ہے کہ اب میں محسوس کرتا ہوں کہ کھانسی بنی شروع ہو گئی ہے۔پہلے یہ احساس نہیں ہوتا تھا۔لیکن گلے کی سوزش، نزلہ اور آواز کی بندش بدستور ہے جس کی وجہ سے میں نہ تو اونچی آواز کے ساتھ بول سکتا ہوں اور نہ زیادہ دیر تک کھڑا ہو سکتا ہوں۔مگر بہر حال جس طرح سینہ کی سوزش آہستہ آہستہ ختم ہوئی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جسم کے اضمحلال کی وجہ سے کھانسی آہستہ آہستہ دور ہو رہی ہے۔جب جسم میں طاقت زیادہ ہوتی ہے تو وہ بیماری کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوتا ہے اور جب طاقت کمزور پڑ جاتی ہے تو بیماری کا مقابلہ کرنا جسم کے لئے مشکل ہوتا ہے اور حقیقت یہی ہے کہ بیماری دور کرنے میں جتنا دخل اُس طبعی طاقت کا ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے انسان کو ودیعت کی جاتی ہے اتنا دخل دواؤں کا نہیں ہوتا۔میں نے پچھلے جمعہ میں جلسہ سالانہ کے کام کی طرف احباب کو توجہ دلائی تھی اور پھر یہاں سے جانے کے بعد میں نے خود اپنے سامنے بلا کر کارکنوں کو نصیحت کی۔چنانچہ دو تین دن سے جلسہ سالانہ کا کام مستعدی کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔میں سمجھتا ہوں اگر میں توجہ نہ دلاتا تو چونکہ صحیح اندازے نہیں لگائے گئے تھے اس لئے غالب گمان تھا کہ اس سال جلسہ سالانہ دسمبر کی تاریخوں میں نہ ہو سکتا۔