خطبات محمود (جلد 28)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 148 of 477

خطبات محمود (جلد 28) — Page 148

خطبات محمود 148 سال 1947ء عاشقوں پر دو ہی قسم کے زمانے آتے ہیں۔ایک زمانہ وہ ہوتا ہے جب عاشقوں کے سرکا ئے جی جاتے ہیں اور عشق کی سزا قتل ہوتی ہے۔اور پھر بعد میں وہ زمانہ آتا ہے جب کہ لوگ عشق کے نام پر عاشقوں کو سروں پر اُٹھاتے ہیں۔اگر اب تم عشق کے راستے میں قربانیاں پیش کرو گے تو اجر بھی پہلے لوگوں جیسا پاؤ گے۔پس ہمارا فرض ہے کہ ہر قربانی کے مطالبہ کو انعام سمجھتے ہوئے پورا کرتے جائیں اور اسے مصیبت خیال نہ کریں۔اور ہم میں یہ احساس نہ پیدا ہو کہ ہم سے ایک فیصدی کی بجائے 1/2 فیصدی کیوں نہیں لیا جاتا۔بلکہ ہم میں احساس پیدا ہو تو یہ ہو کہ ہم سے سو فیصدی کا کیوں مطالبہ نہیں کیا جاتا۔ایک فیصدی کا مطالبہ کیوں کیا جاتا ہے؟ میں دیکھتا ہوں کہ جماعت کے اندر احساس اور بیداری پیدا ہو رہی ہے۔ہماری جماعت میں ایمان موجود ہے۔جب بھی جماعت بیدار ہوتی ہے تو وہ اعلیٰ درجے کی قربانی پیش کرتی ہے۔اس میں شک نہیں کہ اسے زمانہ سلا ضرور دیتا ہے۔یہ نہیں ہونا چاہیئے۔لیکن جب جماعت بیدار ہوتی ہے تو شیروں کی طرح بیدار ہوتی ہے۔اور اب بھی میں سمجھتا ہوں کہ جماعت بیدار ہو رہی ہے۔اور وہ اپنے شایان شان قربانی کا نمونہ پیش کرے گی۔ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ جو لوگ بیدار ہو چکے ہیں وہ دوسروں کو بھی بیدار کریں تا کہ جماعت بحیثیت جماعت اس قربانی میں اعلیٰ نمونہ پیش کرے۔یہ مت خیال کرو کہ پہلے امتحانات میں سے پاس ہونا ہی تمہارے لئے کافی ہے بلکہ ہر امتحان جو نئے سال میں آتا ہے اُس کا پاس کرنا ضروری ہوتا ہے۔اگر تم نے پہلی ، دوسری ، تیسری اور چوتھی کا امتحان پاس کر لیا ہے تو پانچویں میں بھی پاس ہونا ضروری ہے۔اسی طرح اگر تم نے پانچویں ، چھٹی اور ساتویں کا امتحان پاس کر لیا ہے تو آٹھویں میں بھی پاس ہونا ضروری ہے۔اس طرح اگر تم ہی نے نویں جماعت کا امتحان پاس کر لیا ہے تو دسویں جماعت میں بھی پاس ہونا ضروری ہے۔یا اگر تم نے دسویں، گیارھویں اور بارھویں اور تیرھویں کا امتحان پاس کر لیا ہے تو چودھویں سال بھی کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔اس کے سوا تم بی اے کی ڈگری حاصل نہیں کر سکتے۔اور اگر تم بی اے میں فیل ہو گئے تو پچھلی ساری عزت اور محنت برباد ہو جائیگی۔پس ہر امتحان میں کامیاب ہونے کی کوشش کرو۔لیکن میں یہ بھی دیکھتا ہوں کہ بعض بڑی بڑی جماعتیں ابھی تک بیدار نہیں ہوئیں۔