خطبات محمود (جلد 27) — Page 638
*1946 638 خطبات محمود کا مقام ایک مذہبی مقام ہے اور اس میں شمولیت ہر احمدی کے لئے فرض ہے۔لیکن اس قسم کی خدمت کے موقع پر جلسے کو قربان بھی کیا جا سکتا ہے اور یہ کام جلسے میں ہی شامل سمجھے جائیں گے اور خدا تعالیٰ کی طرف سے ان لوگوں کو وہی ثواب ملے گا جو جلسے میں شامل ہو کر وہ حاصل کر سکتے ہیں۔ان کا ثواب کسی صورت میں کم یا ضائع نہیں ہو گا۔میں نے اندازہ لگایا ہے کہ اس وقت ہماری جماعت میں اڑھائی تین سو کے قریب ڈاکٹر ہیں۔جن میں سے اکثر اس وقت فوج میں ملازم ہیں۔کچھ پنشن پا کر واپس لوٹ چکے ہوں گے اور کئی رخصت پر گھر آئے ہوئے ہوں گے اور کئی ابھی تک مستقل ملازمت میں ہوں گے۔اور کئی ایسے بھی ہوں گے جو اس وقت فوج سے فارغ ہو چکے ہیں۔اور کسی اور کام کی تلاش یا انتظار میں ہیں۔ایسے تمام دوستوں کو دین کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اور کسی قسم کی کمزوری نہیں دکھانی چاہئے۔شاید خدا آئندہ ان کے لئے بہتر سامان پیدا کر دے۔جو شخص دوسرے کی مصیبت میں کام آئے اللہ تعالیٰ اس کے کام کو ضائع نہیں کیا کرتا۔ایسے جتنے بھی لوگ ہیں اور وہ زیادہ سے زیادہ جتنے عرصہ کے لئے بھی اپنی خدمات پیش کر سکتے ہیں وہ جلد سے جلد مرکز میں اطلاع دیں۔جو قادیان کے اندر رہتے ہیں وہ خود آکر اپنا نام پیش کریں اور جو قادیان سے باہر رہتے ہیں وہ تار یا خط کے ذریعہ سے مجھے اطلاع بھیجیں تاکہ جس قدر جلد ہو سکے وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے کام آسکیں۔اس کے بعد میں دوستوں کو جلسہ سالانہ کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔جلسہ سالانہ اب بالکل قریب آگیا ہے اور اس کے لئے قادیان میں بھی اور بیرون جات میں بھی ہر قسم کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔بیرونی جماعتوں کے دوست جلسہ پر قادیان آنے کی تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں اور قادیان کے دوست جلسہ کے مہمانوں کی مہمان نوازی کے انتظام میں ہمہ تن مصروف ہوں گے اور مصروف ہیں۔میں بیرونی جماعتوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ جلسہ سالانہ ایک ایسا اہم موقع ہے جس کو بلا وجہ ضائع کر دینا خدا کی نگاہ میں نہایت ناپسندیدہ امر ہے۔اور سوائے ایسے ضروری اور اہم کاموں کے جن کو کسی طرح سے بھی چھوڑا نہیں جاسکتا فراغت حاصل کر کے اس موقع پر شامل ہونے کی ضرور کوشش کی جائے۔ابھی تک تو اس بارے میں معلوم نہیں ہو سکا مگر ممکن ہے کہ اس سال ریل کے سفر میں پہلے سے زیادہ سہولتیں میسر آسکیں