خطبات محمود (جلد 27) — Page 360
*1946 360 خطبات محمود اپنے آپ کو پیش کیا کہ بھا گا ہو اغلام میں ہوں لیکن کشتی والوں نے کہا۔ہم نہیں مانتے کہ آپ بھاگ کر جارہے ہیں۔آپ تو بڑے بزرگ معلوم ہوتے ہیں۔آخر انہوں نے قرعہ اندازی کی تو حضرت یونس کا نام نکلا۔اس پر بھی وہ خاموش ہو گئے۔لیکن جب دیکھا کہ طوفان نہیں چھوڑ تا اور کشتی کے ڈوبنے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے تو انہوں نے حضرت یونس کو پکڑ کر سمندر میں پھینک دیا۔جو نہی انہوں نے آپ کو سمندر میں پھینکا آپ کو اللہ تعالیٰ کے حکم سے ایک مچھلی نے نگل لیا اور دو تین دن اپنے اندر رکھنے کے بعد ایک جگہ کنارے پر پھینک دیا۔باہر جس جگہ آپ کو مچھلی نے پھینکا وہاں اللہ تعالیٰ کی مشیت سے حلوہ کدو کی بیل نکل آئی۔آپ اس کے سائے کے نیچے لیٹے رہے۔چونکہ آپ کو دو تین دن ہوا نہیں ملی تھی اس لئے آپ کو بہت کمزوری ہو گئی تھی۔آپ نے کدو کا پانی پیا اور اس کی بیل کے سایہ میں پڑے رہے۔دو چار دن کے بعد کسی کیڑے نے اس بیل کی جڑ کاٹ دی اور وہ سوکھ گئی۔حضرت یونس نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ یہ بیل میر اسہارا تھی اور میں اس سے آرام حاصل کر تا تھا۔اس بد بخت کیڑے نے اس کو کاٹ کر مجھے تکلیف میں ڈالا ہے۔ابھی حضرت یونس انہی خیالات میں تھے کہ آپ کو الہام ہوا۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔اے یونس ! ہم نے تمہیں سبق دینے کے لئے یہ سب کچھ کیا ہے۔بیل تم نے اگائی نہیں تھی اور نہ ہی تمہارا کچھ اس پر خرچ ہوا تھا۔صرف تم اس سے آرام حاصل کرتے تھے۔وہ سوکھ گئی تو تمہیں تکلیف ہوئی اور تم نے کیڑے پر غصہ کا اظہار کیا۔یونس! ایک بیل جس کو تم نے پیدا نہیں کیا اس کے سوکھ جانے سے تمہیں اس قدر صدمہ ہوا ہے پھر تم مجھ سے کس طرح امید کرتے تھے کہ میں جس نے اس ہزاروں ہزار مخلوق کو پیدا کیا ہے تمہیں خوش کرنے کے لئے اسے مار ڈالتا۔4 باوجود اس کے کہ وہ تو بہ کر رہے تھے۔تمہاری قوم نے تو بہ کی تھی۔جاؤ اور جا کر ان کو ہدایت دو۔پس حضرت یونس اپنی قوم کی طرف لوٹے۔کل ہی مجھے خیال آیا ہے کہ کدو کا تیل بھی دماغ کی طاقت کے لئے مفید ہے اور حلوہ کد واگر پکا کر کھایا جائے تو وہ بھی دماغ کو اور بدن کو تقویت دیتا ہے۔معلوم ہوتا ہے کہ حلوہ کدو میں کچھ اور بھی خصوصیات ہیں تبھی تو اللہ تعالیٰ نے حضرت یونس کے لئے اس کی بیل نکالی۔پس دماغی اور جسمانی طاقت کے متعلق کدو کی طرف اطباء کو توجہ دینی چاہئے۔