خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 119 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 119

*1946 119 خطبات محمود دینی تعلیم حاصل کریں اور پھر واپس آکر سندھ میں تبلیغ کریں تو یہ طریق زیادہ موئثر ہو سکتا ہے۔ہمارے پنجابی مبلغ کے لئے سب سے بڑی دقت یہ ہو گی کہ وہ زبان نہیں جانتا ہو گا۔اور اگر وہ سیکھ بھی لے تو اس کا لہجہ سندھیوں سے بالکل جدا گانہ ہو گا۔پنجابی اردو بھی بولے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا وہ پنجابی بول رہا ہے۔ہمارا پنجابی خواہ کتنی ہی عربی پڑھ لے لیکن جب وہ عربی بولے گا تو یوں معلوم ہو گا کہ گویا وہ پنجابی بول رہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ بولنے کا دارومدار لہجہ پر ہے۔مصر کے ایک احمدی دوست قادیان آئے۔وہ تاجر ہیں ، کوئی بڑے عالم نہیں ہیں۔ان کے اعزاز میں ایک جلسہ ہوا جس میں ہمارے مبلغین نے عربی میں تقریریں کیں۔کسی دوست نے ان سے کہا دیکھو ! ہمارے عالموں نے بھی عربی میں تقریریں کیں تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے تو یوں معلوم ہوتا تھا کہ جیسے وہ پنجابی بول رہے ہیں۔میرا یہ اپنا تجربہ ہے کہ لہجہ کے بدل جانے سے زبان کا سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔انگلستان جاتے ہوئے ہم عدن میں اُترے۔وہاں میں نے ایک عرب دکاندار سے عربی میں کھجوروں کا بھاؤ دریافت کیا۔اس نے جو جواب دیا میں اسے سمجھ نہ سکا۔میں نے دوبارہ یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ میری بات سمجھا نہیں پھر اس سے وہی سوال کیا۔اس نے پھر مجھے وہی جواب دیا۔میں پھر اس کی بات نہ سمجھ سکا۔اسی طرح دو چار دفعہ ہم میں سوال و جواب ہوا۔حافظ روشن علی صاحب مرحوم میرے پاس ہی کھڑے تھے۔وہ اس سوال و جواب کو سن کر بے اختیار ہنسنے لگے۔میں نے حافظ صاحب سے پوچھا کہ آپ کیوں ہنس رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ آپ عربی بول رہے ہیں اور وہ سمجھتا ہے کہ آپ پنجابی بول رہے ہیں اور صرف اندازہ لگا کر جواب اردو میں دے رہا ہے۔لیکن آپ اس کے لہجہ کی وجہ سے سمجھ رہے ہیں کہ وہ عربی بول رہا ہے۔لیکن ایسی خراب زبان بول رہا ہے کہ آپ اسے سمجھ نہیں سکتے حالانکہ وہ عربی نہیں اردو میں جواب دے رہا ہے۔پس لہجوں کا فرق بہت بڑا فرق ہے۔ایک سندھی جب سندھی زبان بولے گا تو وہ سندھی ہی ہو گی لیکن ایک پنجابی جب سندھی زبان بولے گا تو وہ سندھی پنجابی معلوم ہو گی۔پس اگر ان لوگوں میں تبلیغ کی جائے تو میر اخیال ہے کہ بہت جلد وہ احمدیت کی طرف متوجہ ہوں گے۔کیونکہ یہ لوگ مذہبی جذبات رکھتے ہیں۔خصوصاً گاؤں کے لوگوں کے جذبات تو بالکل مذہبی ہیں۔