خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 83 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 83

+1945 83 6) خطبات محمود دفتر دوم کے مجاہدین کے وعدوں کی میعاد میں اضافہ (فرمودہ 9 فروری 1945ء) تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: تحریک جدید دفتر اول کے وعدوں کا وقت تو گزر چکا ہے اور اردو بولنے والوں کے لئے وعدوں کی جو میعاد مقرر تھی وہ میعاد ختم ہو چکی ہے۔سوائے ایسے لوگوں کے وعدوں کے جو کسی وجہ سے اس تحریک کے گیارھویں سال کا علم ہی حاصل نہیں کر سکے۔یا ان ممالک کے جن کی اصلی زبان اردو نہیں ہے جیسے بنگال، مدراس وغیرہ۔یا فوجی لوگ جن تک نہ تو اخبار پہنچتے ہیں اور نہ ان کو ڈاک کے ذریعہ خطوط پہنچتے ہیں کیونکہ ان کی ڈاک بھی بہت کچھ ضائع ہو جاتی ہے۔گورنمنٹ نے انتظام تو بہت اعلیٰ کیا ہے جس کی غرض یہ ہے کہ سپاہیوں کی ڈاک اُن تک پہنچتی رہے اور وہ مطمئن رہیں لیکن پچھلے چار پانچ ماہ سے کثرت سے سپاہیوں کو شکایت پیدا ہو رہی ہے کہ ان کو خطوط نہیں ملتے۔کئی ایسے خطوط آئے ہیں جن میں ان لوگوں نے شکوہ کیا ہے کہ ہم نے کثرت سے خطوط لکھے ہیں لیکن ہمیں ان کا جواب نہیں ملا۔اور واقعہ یہ ہے کہ دونوں طرف سے خط و کتابت ہوتی رہی ہے لیکن نہ ان کے خطوط ان کے ماں باپ یا رشتہ داروں تک پہنچے ہیں اور نہ ہی ان کے ماں باپ یا رشتہ داروں کے یا ہمارے خطوط ان تک پہنچ سکے ہیں۔نہ معلوم اس کی کیا وجہ ہے۔شاید سپاہیوں کے دور دور پھیل جانے کی وجہ سے ایسا ہو ا ہے یا اس وجہ سے کہ وہ ڈاک کے مرکز سے یعنی جہاں اُن کا بیس (Base) ہے اس سے دور چلے گئے ہیں۔