خطبات محمود (جلد 26) — Page 425
+1945 425 خطبات محمود آکر کہنے لگے آپ نے یہ مسئلہ پہلے کیوں نہ بتایا؟ اس مسئلہ کی موجودگی میں اختلاف صحیح اور جائز ہے۔پھر کہنے لگے تمہارے پاس وہ چیز ہے جس سے تم ترقی کر جاؤ گے اور پیغامی نہیں کریں گے۔تو حقیقت یہ ہے کہ یہ تبلیغ کے اعلیٰ درجہ کے گر ہیں۔اگر تم اُن کے ساتھ مل کر نماز پڑھتے رہو گے تو کوئی یہ سوال نہیں کرے گا کہ تم کون ہو؟ اگر اُن کے ساتھ مل کر جنازہ پڑھو گے تو کوئی یہ سوال نہیں کرے گا کہ تم کون ہو ؟ لیکن اگر تم اُن سے علیحدہ ہو کر نماز پڑھو گے، اگر ان کے جنازہ پر نہیں جاؤ گے تو وہ خود بخود پوچھیں گے کہ تم ہمارے ساتھ نماز کیوں نہیں پڑھتے ؟ اس صورت میں خواہ کوئی کتنا کمزور سے کمزور انسان کیوں نہ ہو اُسے بتانا پڑے گا کہ میں کون ہوں، میر اعقیدہ کیا ہے اور میں کس لئے تمہارے پیچھے نماز اور جنازہ نہیں پڑھتا۔اور اگر شادی بیاہ کا معاملہ ہو گا تو وہ بتلائے گا کہ یہاں شادی نہ کرنے کی یہ وجہ ہے کہ ہم احمدیوں میں شادی کو ترجیح دیتے ہیں یا یہ کہ میں اپنی لڑکی کا بیاہ غیر احمدیوں میں نہیں کر سکتا۔پس یہ ایسی چیزیں ہیں جو کمزور سے کمزور ایمان والے احمدی کو بھی مجبور کر دیتی ہیں کہ وہ اپنے پوشیدہ خیالات کو ظاہر کر دے۔غرض ہمارے مسائل ایسے ہیں جن سے تبلیغ کبھی رُک نہیں سکتی۔تجارت فیل ہو سکتی ہے لیکن تبلیغ فیل نہیں ہو سکتی۔میں بتا چکا ہوں یہ تو ہمارے اختیار میں ہے کہ ہم تاجروں کو تبلیغ کے لئے باہر بھیج دیں لیکن تنخواہ دار مبلغ بھیجنا ہمارے اختیار کی بات نہیں۔اس تجویز کے سامنے آجانے کے بعد ہم خدا تعالیٰ کو یہ جواب نہیں دے سکتے کہ ہمارے پاس چونکہ روپیہ نہ تھا اس لئے ہم تبلیغ نہیں کر سکے۔خدا تعالیٰ کہے گا کہ میں نے حج کے متعلق جو مسئلہ بیان کیا تھا تمہیں اُس پر عمل کرنا چاہیے تھا۔جیسے پنجابی میں کہتے ہیں ”نالے حج نالے بیوپار “۔اس طرح خدا تعالیٰ کہے گا جب یہ صورت تمہیں بتلا دی گئی تھی تو اس صورت پر تم نے باہر اپنے مبلغ کیوں نہ بھیجے ؟ اب بتاؤ ہم کیا جواب دیں گے۔کیا یہ کہ یہ ہماری طاقت سے باہر تھا؟ خدا تعالیٰ کہے گا اگر جماعت کے نوجوان سترہ روپے لے کر آسام اور عراق میں اپنی جانوں کو قربان کر سکتے تھے تو کیا وہ نجاری کا کام کر کے، موٹر کی مرمت کا کام کر کے، سائیکلوں کی مرمت کا کام کر کے، ڈرائیوری کا کام کر کے ، درزی کا کام کر کے یا کسی اور قسم کی تجارت کر کے احمدیت کی تبلیغ کا کام نہیں کر سکتے تھے؟