خطبات محمود (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 114 of 589

خطبات محمود (جلد 23) — Page 114

* 1942 114 خطبات محمود آخری دس آیات کو حفظ کر لیں اور جو ان آیتوں کو حفظ نہ کر سکیں۔وہ روزانہ قرآن شریف کو کھول کر پہلی اور آخری دس آیتیں پڑھ لیا کریں تاکہ اللہ تعالیٰ اس دجالی فتنہ سے ان کو اور ہماری سب جماعت کو محفوظ رکھے۔اس کے بعد جیسا کہ میں کہہ چکا ہوں روزانہ کوئی ایک نماز مقرر کر لی جائے۔جس میں بِالْجَهْر يا بِالسّر دل میں یا بلند آواز سے۔امام اور مقتدی اکٹھے یا الگ الگ التزام کے ساتھ دعائیں کریں اور ہماری جماعت کا ہر فرد ان دعاؤں میں حصہ لے تاکہ ہماری متحدہ دعائیں اللہ تعالیٰ کے فضل کو جذب کریں۔ان دعاؤں میں خصوصیت کے ساتھ وہ دعائیں مد نظر رکھنی چاہئیں جو اس زمانہ کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں اور جو مشکلات کو دور کرنے میں کام آسکتی ہیں۔بے شک اپنی زبان میں بھی دعائیں کرنی چاہئیں کیونکہ اس طرح زیادہ جوش پیدا ہوتا ہے مگر اپنی دعا اور خدا تعالیٰ کی بتائی ہوئی دعا میں یہ فرق ہوتا ہے کہ انسان بعض دفعہ غلط دعا کرنے لگ جاتا ہے اور اُسے مانگنا تو کچھ چاہئے مگر مانگنے کچھ لگ جاتا ہے۔اس قسم کی غلطی ان دعاوں کے مانگنے میں نہیں ہو سکتی جو خدا تعالیٰ نے بتائی ہیں۔اس لئے بے شک تم اپنی زبان میں بھی دعائیں کرو مگر زیادہ تر ان دعاؤں پر زور دو جو الہامی ہیں اور جو خدا تعالیٰ نے مشکلات کو دور کرنے کے لئے بتائی ہیں کیونکہ انسان اپنے الفاظ میں خدا تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے بعض دفعہ کئی قسم کی غلطیاں کر جاتا ہے مثلاً کئی لوگ دعا کرتے ہیں کہ یا اللہ ہم کو بچہ دے۔اب بظاہر یہ ایک اچھی دعا ہے لیکن اگر وہ قرآن کریم کی بتائی ہوئی ہدایت کی روشنی میں دعا مانگیں گے تو وہ زیادہ بہتر ہو گی کیونکہ خدا تعالیٰ صرف یہ نہیں کہتا کہ تم یہ دعا کرو کہ الہی ہم کو بچہ دے بلکہ خدا یہ دعا سکھاتا ہے کہ تم کہو خدایا ہم کو نیک بچہ دے مگر انسان کو بچے کے خیال میں یہ ہوش ہی نہیں رہتا کہ وہ صحیح دعامانگے بلکہ وہ صرف اسی قدر دعا کرنا کافی سمجھتا ہے کہ خدایا مجھ کو بچہ دے حالانکہ وہ بچہ اس کی بدنامی، اس کی تباہی اور اس کی بربادی کا بھی موجب ہو سکتا ہے۔اس کے خاندان کی بدنامی اور تباہی و بربادی کا بھی موجب ہو سکتا ہے بلکہ ایک بچہ ساری دنیا کی تباہی اور بربادی کا بھی باعث ہو سکتا ہے۔آخر ابو جہل ایک بچہ ہی تھا جو پیدا ہوا۔اس کے ماں باپ نے اس کے لئے کتنی ہی منتیں مانی ہوں گی اور اس کے پیدا ہونے پر وہ کس قدر خوش