خطبات محمود (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 127 of 486

خطبات محمود (جلد 21) — Page 127

$ 1940 127 10 خطبات محمود غیر مبائعین میں تبلیغ محبت اور نرمی سے کی جائے (فرموده 19 اپریل 1940ء) تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: ایک تو مجھے آج نزلہ کی شکایت ہے، گلا خراب ہے دوسرے لاؤڈ سپیکر کا آلہ بھی خراب ہو گیا ہے لیکن میں جہاں تک ہو سکا اپنے گلے پر زور ڈال کر کوشش کروں گا کہ آواز دوستوں تک پہنچ جائے۔میں نے گزشتہ دو خطبات میں جماعت کو اس امر کی طرف توجہ دلائی ہے کہ غیر مبائعین میں تبلیغ کے متعلق نئے سرے سے جد وجہد کریں اور کوشش کریں کہ ان میں جن کے لئے اللہ تعالیٰ نے ہدایت مقدر کی ہو اُن کو ہدایت دے کر اس فتنہ کے زور کو توڑے اور جو رو میں صحیح رستہ سے دور ہو کر بھٹک رہی ہیں ان کو قبولِ حق کی توفیق ملے۔میری اس تحریک کے مطابق بعض دوستوں نے مضامین لکھنے شروع کئے ہیں یا ممکن ہے وہ پہلے کے ہی لکھے ہوئے ہوں جو اب شائع ہوئے ہوں۔بہر حال میں دیکھتا ہوں کہ دوستوں میں اب زیادہ توجہ نظر آتی ہے اور جن کو لکھنے کی توفیق اللہ تعالٰی نے دی ہے وہ مضامین لکھ رہے ہیں اور غورو فکر کر رہے ہیں لیکن ایک بات جس کی طرف میں جماعت کو پہلے بھی بارہاتو جہ دلا چکاہوں اب پھر کہہ دینا ضروری سمجھتا ہوں۔یہ بات یاد رکھنی چاہیئے کہ محض فتح مومن کے لئے خوشی کا موجب نہیں ہو سکتی بلکہ وہ فتح خوشی کا موجب ہوتی ہے جس میں خدا تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہو۔