خطبات محمود (جلد 17) — Page 476
خطبات محمود سال ۱۹۳۶ دوست ! میرے جسم پر سے کپڑا اُٹھانا اور جب میں نے اُٹھایا تو دیکھا کہ سر سے لے کر کمر بند تک کوئی ایک انچ ایسی جگہ نہ تھی جہاں زخم کا نشان نہ ہو اس کے بعد انہوں نے کہا کہ میری لاتوں پر سے کپڑا اُٹھانا اور جب میں نے اُٹھایا تو جسم کے اس حصہ کا بھی یہی حال تھا۔اپنے یہ زخم دکھا کر حضرت خالد اور زیادہ بیتاب ہو گئے اور کہنے لگے کہ میں نے ہر موقع پر خدا کی راہ میں اپنے آپ کو قربان کرنے کیلئے ڈال دیا مگر نا معلوم میری کیا بدقسمتی تھی کہ میدانِ جنگ میں مارا نہ گیا اور آج بستر پر پڑا جان دے رہا ہوں۔یہ لوگ خدا کے سپاہی تھے۔یہ وہ لوگ تھے جن کے متعلق لوگوں کا حق ہے کہ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمُ اور جن کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ رَضُوا عَنْهُ ۳۔کیا یہ عجیب زمانہ نہیں کہ آج آرام کی زندگی بسر کرنے کو خدا تعالیٰ کی نعمت قرار دیا جاتا ہے اور کجا وہ زمانہ تھا کہ خالد سر سے لے کر پاؤں تک زخمی تھے مگر پھر بھی تسلی نہیں اور ڈرتے ہیں کہ میں چونکہ خدا کی راہ میں مارا نہیں گیا نہ معلوم میری باقی قربانیاں بھی قبول ہوئیں یا نہیں۔پس خوب یاد رکھو کہ جب تک پہلوں جیسی حالتیں ہم پر نہ آئیں یہ خیال کرنا کہ ہم خدا کی مقدس جماعت ہیں بالکل غلط ہے جو کچھ پہلوں کے ساتھ ہوا ہم سے ہونا ضروری ہے۔ابتلاء مؤمن کی ذلت کا نہیں بلکہ عزت کا موجب ہوا کرتے ہیں۔حضرت سید عبداللطیف صاحب شہید ہم میں سے ایک فرد تھے اور اس زمانہ کے آدمی تھے مگر آپ نے صحابہ کا نمونہ دکھایا۔آپ کو رویا میں بتایا گیا تھا کہ آپ پکڑے جائیں گے اور کہ آپ کیلئے بڑا ابتلاء مقدر ہے۔آپ نے شاگردوں کو اس سے آگاہ کر دیا تھا اس لئے جب آپ کی گرفتاری کے احکام دربار سے جاری ہوئے تو آپ کو قبل از وقت اپنے درباری دوستوں کے ذریعہ اس کی اطلاع ہوگئی۔شاگردوں نے آپ کو مشورہ دیا کہ بہتر ہے جلدی سے انگریزی علاقہ میں چلے جائیں۔راوی کا بیان ہے کہ آپ نے اپنے ہاتھ آگے نکال کر کہا کہ مجھے تو اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے کہ اس کی راہ میں مجھے سونے کے کنگن یعنی ہتھکڑیاں پہنائی جائیں گی۔اور میں سمجھتا ہوں ان لوگوں تک پیغام صداقت پہنچانے کا یہ ایک بہترین ذریعہ ہوگا جن تک کسی دوسرے طریق سے یہ پیغام نہیں پہنچایا جا سکتا۔تو باوجود قبل از وقت اطلاع مل جانے کے اور باوجود اس کے کہ آپ بھاگ سکتے تھے آپ نہیں بھاگے اور اسے ذلت نہیں سمجھا بلکہ عزت سمجھا اور ہتھکڑی کا نام زیور رکھا اور