خطبات محمود (جلد 16)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 517 of 869

خطبات محمود (جلد 16) — Page 517

خطبات محمود ۵۱۷ سال ۱۹۳۵ء لئے کہ تا وہ غیر جانبداری سے فیصلہ کر سکیں اس لئے یاد رکھو جس بات کا فیصلہ خود گورنمنٹ نہیں کرتی ، اس کے متعلق ایسی صورتِ حالات پیدا کرو کہ قضاء سے تمہیں تمہارا حق مل جائے۔یہاں ہی جب دھینگا مشتی سے دفعہ ۱۴۴ نافذ کی گئی اور ہائی کورٹ میں اسکی اپیل ہوئی تو با وجود اس کے کہ ہمیں پنجاب گورنمنٹ کے بعض حکام سے شکایت تھی ، پھر بھی ہمیں اپنا حق مل گیا۔پس اپنے جھگڑوں کو اسی طریق سے حل کرنے کی کوشش کرو جو قانون نے بتایا ہے مگر یا درکھو سیاسیات میں بھی کوئی ایسا کام مت کرو جس سے سلسلہ کی عظمت کو بٹہ لگے۔تم پر کتنی ہی مصیبتیں آئیں تمہیں کتنا ہی دُکھ اور تکلیف میں رہنا پڑے اسے برداشت کرو کیونکہ یہ زیادہ بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ سلسلہ پر کوئی اخلاقی ، قانونی الزام عائد ہو۔اب خدا تعالیٰ نے تمہارے لئے ایک اچھا موقع پیدا کر دیا ہے جس سے تم اپنے حقوق کی حفاظت کر سکتے ہو۔ایک دو باتیں میں نے بتادی ہیں اور بیسیوں اور باتیں ہیں جو نکالی جاسکتی ہیں جب تمہارے لئے ایک رستہ نہیں اللہ تعالیٰ نے کئی رستے کھولے ہوئے ہیں تو تمہیں کیا ضرورت ہے کہ تم وہ طریق اختیار کرو جس سے جماعت کی بدنامی ہو۔تم آئین کے اندر رہ کر کام کرو اور یقیناً یا د رکھو کہ اللہ تعالیٰ تمہاری مدد کرے گا۔یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ تم خدا تعالیٰ کے دین کے جلال کے لئے کھڑے ہو اور وہ تمہیں ضائع کر دے۔تم گزشتہ دنوں کے اللہ تعالیٰ کے نشانات دیکھ لو جو اس نے تمہاری تائید کے لئے ظاہر کئے۔کس طرح اس نے حیرت انگیز طور پر تمہاری مدد کی اور کس طرح اس نے تمہارے دشمنوں کو نیچا دکھایا۔یہ نشان ایک ہی دفعہ ظاہر نہیں ہو چکا بلکہ اب بار بار ظاہر ہوگا اور پہلے سے زیادہ شان کیساتھ ظاہر ہو گا۔اس میں شبہ نہیں کہ تم کو بھی دُکھ دیا جائے گا اور بار بار دیا جائے گا یہاں تک کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں جو لوگ کمزور یا منافق ہیں انہیں ہم سے الگ ہونا پڑے گائے لیکن باوجود اس کے یہ ایک حقیقت ہے کہ دشمن کے ہر قدم کے بعد دوسرا قدم خدا تعالیٰ کی نصرت کا ہو گا اور پہلے سے زیادہ شان کے ساتھ تمہاری تائید کے لئے وہ اپنے نشانات ظاہر کرے گا۔میرا ہمیشہ سے یہ تجربہ ہے کہ جب کبھی رات کو سوتے وقت میری زبان پر الہامی طور پر دعائیں جاری ہوں اس کے بعد خدا تعالیٰ کا کوئی فضل نازل ہوتا ہے ایسے وقت میں میں دیکھتا ہوں کہ رات کو گو میں سویا ہوا ہوتا ہوں مگر میں اللہ تعالیٰ سے دعائیں کر رہا ہوتا ہوں اور جب آنکھ کھلتی ہے میں معلوم کرتا ہوں کہ میں نہایت سوز وگداز سے دعا کر رہا تھا۔گویا وہ دعا الہامی ہوتی ہے اور یہ حالت خواب بھی جاری رہتی