خطبات محمود (جلد 16) — Page 497
خطبات محمود ۴۹۷ سال ۱۹۳۵ء نیشنل لیگ کے متعلق ضروری ہدایات اور لائحہ عمل (فرموده ۱۶ /اگست ۱۹۳۵ء) تشهد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا :- میں نے گزشتہ خطبہ جمعہ میں نیشنل لیگ کے متعلق کچھ قواعد بیان کئے تھے اور بتایا تھا کہ اسے اس اس رنگ میں کام کرنا چاہئے۔آج میں ایک اور نصیحت کرنی چاہتا ہوں بلکہ دونصیحتیں ہیں۔ایک تو یہ کہ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل لیگ کو اس امر کا خیال رکھنا چاہئے کہ اس کے ممبر صرف وہی احمدی بنیں جو آج سے دو سال پہلے سلسلہ احمدیہ میں داخل ہو چکے ہوں کیونکہ ہمیشہ مخالف کا قاعدہ ہوتا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو داخل کرنے کی کوشش کیا کرتا ہے جو اس کی خواہشات کے مطابق بنے بنائے کام کو خراب کر دیں یا حالات سے اسے واقف رکھیں۔یہاں گزشتہ ایام میں کئی واقعات ایسے ہوئے ہیں کہ بعض لوگ بیعت کرنے کے نام سے آئے مگر دراصل ان کی نیت قتل کرنا یا خون بہانا تھی۔یا بعض نے بیعت کا خط بھیجا اور بعد میں بیعت سے انکار کر دیا اور جماعت کو بدنام کیا۔اسی طرح ہو سکتا ہے بلکہ قتل کی نیت سے شامل ہونے والوں کی نسبت یہ زیادہ قرین قیاس ہے کہ بعض لوگ اسلئے احمدی ہوں کہ تا وہ نیشنل لیگ میں شامل ہو کر اس کے کام کو خراب کر دیں یا کم از کم نیشنل لیگ کے حالات کی دشمن کے پاس رپورٹ کریں۔اس خطرہ سے محفوظ رہنے کا آسان ترین طریق یہ ہے کہ صرف اُس احمدی کو نیشنل لیگ میں شامل کیا جائے جو دو سال پہلے کا احمدی ہو۔جسے دو سال سے قلیل عرصہ احمدیت میں شامل ہونے پر ہوا ہوا سے نیشنل لیگ کا ممبر نہ بنایا جائے۔اس غرض کیلئے ضروری ہے کہ نیشنل لیگ