خطبات محمود (جلد 16)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 112 of 869

خطبات محمود (جلد 16) — Page 112

خطبات محمود ۱۱۲ سال ۱۹۳۵ء کے لئے مال خرچ کرتی رہے گی ، جب تک وہ تبلیغ کرتی رہے گی، جب تک وہ دنیا طلبی کی بجائے خدا طلبی میں لگی رہے گی، جب تک اسے اسلئے لوگوں کی طرف سے دکھ دیا جائے گا کہ کیوں یہ لوگوں کی خیر خواہی کرتی اور انہیں احمدیت میں داخل کرتی ہے اس وقت تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے جس قدر بھی ابتلاء آئیں گے وہ عذابی نہیں ہونگے بلکہ انعامی ہوں گے۔ہاں جس وقت ان کی کوششیں بجائے اشاعت دین کے اپنے نفس کے لئے خرچ ہونے لگیں گی، جس وقت انہیں اپنے بچوں اور بیویوں میں بیٹھنا زیادہ مرغوب رہنے لگے گا، جس وقت وہ اسلام کے آرام پر اپنے نفس کے آرام کو مقدم کرلیں گے اس وقت ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی سزا نازل ہومگر جب تک ہمارے دل بحیثیت جماعت اللہ تعالیٰ کی محبت سے پر ہیں ایک لمحہ کے لئے بھی خیال نہیں کیا جا سکتا کہ بحیثیت جماعت خدا کا عذاب ہم پر نازل ہو۔کون ایسا شخص ہے کہ کسی کو ایسی حالت میں گولی مارے جبکہ اس کا اپنا بچہ اس کی گودی میں بیٹھا ہوا ہو۔ایک ڈاکو اور سفاک انسان بھی اس وقت گولی نہیں چلاتا جب وہ دیکھتا ہے کہ اس کا اپنا بچہ دوسرے کی گود میں ہے پھر کیا ہمارا خدا نَعُوذُ بِالله ایک ڈاکو اور چور جیسی عقل و سمجھ بھی نہیں رکھتا کہ اسی دل پر گولی چلائے گا جس دل میں اس کی محبت جاگزین ہے۔بیشک ہم جاہل ہیں مگر خدا کے نام کے جلال اور اس کے دین کو پھیلانے کے لئے اپنے سینوں میں تڑپ رکھتے ہیں، بے شک ہم میں کمزوریاں ہیں مگر ہمارے دل خدا تعالیٰ کی محبت سے لبریز ہیں اور ہم دل سے چاہتے ہیں کہ یہ کمزوریاں ہم میں نہ رہیں ، ہم دل سے چاہتے ہیں کہ ہماری عزتیں ، ہماری جانیں ، ہمارا آرام اور ہماری آسائش سب کچھ خدا کے نام پر قربان ہو جائے۔جب ہماری قلبی کیفیات یہ ہیں ، جب ہم رات دن اپنے مولیٰ کی محبت میں سرشار رہتے ہیں ، جب ہم اٹھتے بیٹھتے اسی کے نام کو پھیلانے میں کوشاں رہتے ہیں تو یقیناً خدا ایسے دلوں پر گولی نہیں چلا سکتا۔میں اپنے دل کو جانتا ہوں اور میں مقدس سے مقدس مقام میں کھڑا ہو کر غلیظ سے غلیظ قسم اس بات کیلئے کھا سکتا ہوں کہ خدا اور اس کے رسول کی عزت کے سوا میرے دل میں اور کسی کی عزت پھیلانے کا ولولہ نہیں۔اس کے کلام کی محبت سے میرا دل لبریز ہے اور اس کی اشاعت کے لئے مجھے اتنا جوش ہے کہ اور کسی چیز کے لئے اتنا جوش نہیں اور میں جانتا ہوں کہ سوائے چند منافقین کے تمام جماعت اپنے دلوں میں یہی ولولے اور یہی ارادے رکھتی ہے پس ایسے دلوں کو کوئی تباہ نہیں کیا کرتا۔اللہ تعالیٰ ظالم نہیں اگر موجودہ مشکلات