خطبات محمود (جلد 12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 374 of 555

خطبات محمود (جلد 12) — Page 374

خطبات محمود ۴۸ سال ۱۹۳۰ء بٹالہ کے حادثی قتل کے متعلق اظہار خیالات ان دنوں خصوصیت سے دعائیں کی جائیں (فرموده ۲۵۔اپریل ۱۹۳۰ء) تشهد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: کل ایک ایسے واقعہ کا علم ہوا ہے جس کا اثر میری طبیعت پر بہت گہرا ہے۔لیکن چونکہ ہمیں اس وقت تک جو کچھ معلوم ہوا ہے وہ سنی سنائی باتیں ہیں کو ئی تحقیقی خبر آب تک پہنچ نہیں سکی اس لئے میں اس واقعہ کے متعلق کچھ کہنا پسند نہیں کرتا۔ہاں اپنے احباب کو اس امر کی نصیحت کرتا ہوں کہ وہ خصوصیت سے ان دنوں اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کریں تا کہ ہم لوگوں کی بہتری کی صورت پیدا ہو وہ ہم پر اپنا خاص فضل نازل کرے اور اپنے ہی ہاتھ سے ان فتنوں کو دور کر دے جو جماعت کے خلاف پیدا ہو رہے ہیں۔ہمیں معلوم نہیں کہ واقعات کیا ہیں اور اس وجہ سے ہم اپنے لئے آپ کوئی طریق عمل تجویز نہیں کر سکتے لیکن ایک بات کر سکتے ہیں اور ہمیں کرنی چاہئے اور وہ یہ ہے کہ چونکہ جس شخص کی طرف ایک نا پسندیدہ فعل منسوب کیا جاتا ہے سنا گیا ہے کہ وہ ہماری ہی جماعت کا ایک فرد ہے اس لئے ہم اللہ تعالیٰ سے یہ دعا ضرور کر سکتے ہیں کہ وہ اس فعل اور اس فعل کی نوعیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے قلب میں وہ کیفیت پیدا کرے جو حقیقی تو بہ اور ندامت کی کیفیت ہوتی ہے اور اس کے بعد جس حد تک دوسرے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رحم اور فضل، رحمت اور مغفرت کا سلوک اس سے کر سکتا ہے کرے۔