خطبات محمود (جلد 12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 167 of 555

خطبات محمود (جلد 12) — Page 167

خطبات محمود 196 سال ۱۹۲۹ء روح نہیں مانی جاتی اور اس کا جواب یہ دیا جائے اس میں حرج ہی کیا ہے۔اس طرح اسلام کی طرف سے لوگوں کو متنفر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کیونکہ جب پڑھنے والا دیکھتا ہے کہ اسلام کی طرف سے جواب دینے والا ایک مسلمان اس قسم کی باتیں اسلام میں مانتا ہے تو معلوم ہوا اسلام میں ضرور ایسی باتیں پائی جاتی ہیں حالانکہ یہ بالکل غلط ہے اسلام قطعاً یہ نہیں کہتا کہ عورتوں میں روح نہیں بلکہ اسلام مردوں اور عورتوں میں ایک جیسی روح قرار دیتا ہے۔غرض اسلام کی طرف سے ایسے جواب دیئے جاتے ہیں جو بالکل جھوٹے اور غلط ہوتے ہیں اور اس طرح لکھایا جاتا ہے کہ اسلام بہائیت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔اس قسم کی بعض کتابیں عیسائیوں نے بھی شائع کی ہیں لیکن بہائیوں نے تو حد کر دی ہے۔یہ طریق ہے ان لوگوں کا اور اس کے تحریری ثبوت موجود ہیں۔اب تک بھی یہ لوگ اسی طرح کرتے ہیں۔ایک شخص مہر محمد کو جو قادیان میں رہتا تھا اسی وجہ سے دھوکا لگا اُس نے میرے سامنے تو نہیں لیکن دوسروں نے بتایا ” مقالہ سیاح‘ کی عبارت پڑھ کرسنائی اور کہنے لگا دیکھو ایک غیر جانبدار کیا لکھتا ہے حالانکہ وہ ایک بہائی کی لکھی ہوئی ہے۔یہ ایسی بات ہے جیسے میں خود ایک کتاب لکھوں مگر اس کے اوپر یہ لکھ دیا جائے کہ مسٹر مارٹن نے لکھی ہے اور اس میں اپنی اور اپنی جماعت کی تعریف ہو۔اس کتاب کا پڑھنے والا یہی سمجھے گا کہ ایک غیر متعلق اور غیر جانب دار تعریف کر رہا ہے لیکن دراصل وہ اپنی تعریف اپنی ہی زبانی ہوگی۔یہ ہے ان لوگوں کی اخلاقی اور مذہبی حالت۔باقی رہا مذہب کا مقابلہ بعض لوگ کہتے نہیں بہائیوں کو بہت کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔کامیابی مال و دولت کو جمع کر لینے یا بہت سے لوگوں کو اپنے ساتھ ملا لینے کا نام نہیں۔رسول کریم کو ۱۳ سال میں اتنے ماننے والے نہ ملے تھے جتنے مسیلمہ کذاب کو دو ماہ میں مل گئے تھے۔۱۳ سال میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والوں کی تعداد کا اندازہ اتنی سے اڑھائی سو تک کیا جاتا ہے۔مگر مسیلمہ کے ساتھ دو تین ماہ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہو گئے تھے۔تو یہ کامیابی نہیں ہوتی بلکہ کامیابی یہ ہوتی ہے کہ جس مقصد کو لے کر کوئی کھڑا ہو وہ پورا ہو جائے۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ہم نے مسلمانوں پر یہ احسان کیا کہ انہیں مال و دولت دی۔اب اگر کوئی کہے یہ کیا احسان ہے ڈاکو اور لٹیرے بھی تو مال حاصل کر لیتے ہیں ان میں فرق کیا ہے؟ یہ کہ مسلمانوں کو جو کامیابی حاصل ہوئی وہ ان کے دین کے ساتھ ہوئی۔