خطبات محمود (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 217 of 326

خطبات محمود (جلد 10) — Page 217

217 ہے کہ کسی غلام سے آقا کا کام سر انجام پائے یا آقا اپنا کام اس سے کرانے کے لئے اسے کہے۔یہی بات میرے ساتھ بھی ہے۔اگر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کوئی پیشگوئی میرے ذریعے پوری ہو جائے تو یہ میرے لئے فخر کی بات ہے اور جیسا کہ ظاہر ہے بہت سی پیشگوئیاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی میرے ہاتھ سے پوری ہو ئیں اور بہت سے کام آپ کے میرے ذریعے ہوئے۔بیشک یہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ مجھ سے حضرت مسیح موعود کے کام ہوئے اور میں اپنے اس فخر کو چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہوں۔اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے متعلق دمشق والی پیشگوئی میرے ذریعے پوری کرائی اور بھی ہیں جو میرے ذریعے پوری ہوئیں۔اور ایسی پیشگوئیاں ایک درجن سے زیادہ ہوں گی۔مگر میں ان سے یہ نہیں سمجھتا کہ ان کے پورا ہونے سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا عہدہ میری طرف منتقل ہو گیا ہے۔بلکہ میرا کام آپ کی طرف منسوب ہو گیا۔اور اس طرح میرے لئے موجب فخر ہو گیا۔دیکھو ملک کی حفاظت بادشاہ کام ہے لیکن جب بادشاہ اس کام کو ایک جرنیل کے سپرد کر دے تو اس جرنیل کی عزت افزائی ہوتی ہے۔اور وہ اگر اس پر فخر کرے تو اس کا فخر بجا ہو گا لیکن ساتھ ہی یہ بھی ہے کہ حفاظت کا کام اس کے سپرد کر دینے سے وہ جرنیل بادشاہ نہیں ہو جاتا۔اور نہ ہی بادشاہت اس کی طرف منتقل ہو جاتی ہے۔بلکہ اس کا کام بادشاہ کی طرف انتقال پاتا ہے۔پس یہ سچ ہے کہ یہ میرے لئے فخر کی بات ہے۔گو میں نے اس کا کبھی اظہار نہیں کیا۔لیکن ہے یہ میرے فخر کا باعث لیکن اس سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا عہدہ میری طرف منتقل ہو گیا ہے۔چونکہ آپ کے ذریعہ سے اور آپ کے انفاس قدسیہ کی مدد سے یہ کام کئے گئے ہیں۔اس لئے آپ ہی ان کے مستحق بھی ہیں۔میرا دمشق میں جانا کس وجہ سے ہوا۔اور پھر کونسی کشش تھی جو میری طرف لوگوں کو کھینچ کر لائی۔کس بات نے اس ملک کے باشندوں میں ایک ہیجان پیدا کر دیا۔کیا وہ یہی کشش نہ تھی کہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا خلیفہ ہوں۔کیا یہی ایک بات نہ تھی جس نے وہاں ایک ہیجان پیدا کر دیا۔اس سے کیا یہ نتیجہ نہیں نکلتا۔کہ یہ کام مسیح موعود ہی کا ہے۔میں اگر مرزا محمود احمد کے نام سے وہاں جاتا تو کوئی بھی میرے پاس نہ آتا۔لیکن بحیثیت خلیفہ المسیح میرا وہاں جانا لوگوں کو میرے پاس کھینچ کر لے آنے کا باعث ہوا۔تو یہ صرف حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا نام ہی تھا جو کشش کا باعث ہوا اور جس نے لوگوں میں ایک ہیجان پیدا کر دیا۔وہ لوگ مسیح موعود کے