خطبات نور

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 65 of 703

خطبات نور — Page 65

65 کی حالت بھی بگڑ چکی تھی۔اسی حالت میں اللہ تعالیٰ مکہ والوں کو آگاہ کرتا اور بتاتا ہے کہ تم ابکم ہو۔صنادید مکہ میں سے ابو جہل ہی کو دیکھ لو۔اس کے افعال و اعمال اس کے اخلاق صاف طور پر بتاتے ہیں کہ وہ دنیا کے لیے ہرگز ہرگز خیر و برکت کا موجب نہیں۔یہ صرف اسی پاک ذات کے لئے سزاوار ہے کہ وہ دنیا کی اصلاح اور فلاح کے لئے مامور ہوا جس کا پاک نام ہی ہے محمد واحمد صلی اللہ علیہ وسلم جس نے اپنی پاک تعلیم اپنی مقدس و مطهر زندگی اور بے عیب چال چلن اور پھر اپنے طرز عمل اور نتائج سے دکھا دیا که إن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ الله (ال عمران:۳۲) میں اپنے اللہ کا محبوب ہوں۔تم اگر اس کے محبوب بنا چاہو تو اس کی ایک ہی راہ ہے کہ میری اتباع کرو۔جب کہ میں اپنے خدا کا محبوب ہوں پھر بتاؤ کہ کوئی چاہتا ہے کہ اس کا محبوب ناکام رہے ؟ پھر خدا مجھے کبھی نا کام نہ رہنے دے گا۔میرے دشمن ذلیل اور ہلاک ہو جائیں گے۔اور یہ باتیں ایسی بچی اور صاف ہیں کہ تم خود کر کے دیکھ لو۔میری اطاعت کرو، میرے نقش قدم پر چلو اللہ تعالیٰ کے محبوب ہو جاؤ گے اور تمہارے دشمن مردود اور مخذول ہو کر تباہ ہو جائیں گے۔کیا اس وقت تم نہیں دیکھتے کہ نَأْتِي الْأَرْضَ نَنْقُصُهَا مِنْ أَطْرَافِهَا (الانبیاء:۲۵) کیسے واضح طور پر پورا ہو رہا ہے۔اعلیٰ درجہ کے عظیم الشان لوگ طرف کہلاتے ہیں اس لئے کہ وہ ایک طرف ہو کر بیٹھتے ہیں۔اور ادنیٰ درجہ کے لوگوں میں سے بعض سلیم الفطرت ہوتے ہیں، وہ بھی طرف کہلاتے ہیں۔یعنی تمہارے اعلیٰ اور ادنیٰ درجہ کے لوگوں میں سے یا یہ کہو کہ ہر طبقہ اور درجہ میں سے جو عظیم الشان اور سلیم الفطرت لوگ ہیں وہ سب کے سب اسلام میں داخل ہو کر تمہاری جمعیت کو دن بدن کم کر رہے ہیں۔غرض مامور من اللہ کا وجود ایک حجتہ اللہ ہوتا ہے۔اس کی جماعت بڑھتی جاتی اور اس کے مخالف دن بدن کم ہوتے جاتے ہیں۔یہ تو تیرہ سو برس کی بات تھی اور اب اس پر چودہویں صدی گزرتی ہے۔اس میں سے بھی اٹھارہ سال گذرنے کو آئے۔اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی بناوٹ کچھ اس قسم کی واقع ہوئی ہے کہ جو کچھ اس نے حاصل کیا ہوتا ہے اس کو تھوڑی دیر کے بعد خرچ کر کے پھر اور کی تلاش میں ہوتی ہے اور نئی چال اختیار کرتی ہے کہ وہ متاع واپس آئے۔یہ نظام درختوں میں بھی نظر آتا ہے۔ایک وقت یہ نہایت صاف آکسیجن جو انسانی زندگی کے لئے اعلیٰ درجہ کی ضروری شے ہے نکالتے ہیں اور ابھی اس پر پورے ۲ گھنٹے نہیں گذرنے پاتے کہ کاربن جیسی زہریلی چیز دینے لگتے ہیں۔پھر اس آکسیجن کے نکالنے کے واسطے بہت سی زہر کی چیزیں ان کو جذب کرنی پڑتی ہیں۔