دوسری آئینی ترمیم 1974ء ۔ خصوصی کمیٹی میں کیا گزری

by Other Authors

Page 138 of 602

دوسری آئینی ترمیم 1974ء ۔ خصوصی کمیٹی میں کیا گزری — Page 138

138 دوسری آئینی ترمیم 1974ء۔خصوصی کمیٹی میں کیا گزری اچانک ریلوے پولیس والے آگئے اور ہمیں رپورٹ لکھوانے پر زور دینے لگے۔امیر قافلہ محمد احمد صاحب دو تین گولیاں لگنے کی وجہ سے زخمی تھے۔چنانچہ خاکسار پولیس والوں سے نپٹ رہا تھا۔ہم بضد تھے کہ گاڑی فوراً چلائیں تاکہ ربوہ جاکر زخمیوں کا علاج شروع ہو ، رپورٹ ہم گاڑی کے اندر ہی لکھا دیں گے۔وہ مصر تھے کہ پہلے وقوعہ پر رپورٹ درج ہو گی پھر گاڑی چلے گی۔ایک بے بسی کا عالم تھا۔اتنے میں سرگودھا کا ایک پولیس انسپکٹر عبد الکریم نامی بھی آگیا۔اس نے سفید شلوار قمیص پہن رکھی تھی اور ہیئت اور فطرت کا خالص چودھویں صدی کا مولوی تھا۔وہ بھی پولیس والوں کے ساتھ مل کر اصرار کرنے لگا کہ رپورٹ پہلے لکھواؤ۔اس وقت صرف خاکسار تھا جو اُن سے بحث کر رہا تھا۔اس تکرار کے دوران اچانک ایک جیپ پلیٹ فارم پر آکرڑ کی۔جس میں سے سفید پتلون شرٹ میں افسرانہ شان سے ایک شخص اترا۔اس نے ایک لمحے میں صورتحال کا اندازہ کیا اور خاکسار سے مخاطب ہو کر کہنے لگا کہ فکر نہ کرو، ہم یہاں سر گودھا میں ہی انہیں فوری طبی امداد دیں گے۔اس غرض کے لئے دو ایمبولینسیں پہنچ رہی ہیں۔اس نے بتایا کہ وہ یہاں کا کمشنر ہے اور ہر قسم کے انتظامات ہو چکے ہیں۔اس کی شرافت اور بر دباری قابل تعریف تھی۔اتنے میں دو ایمبولینسیں پلیٹ فارم پر پہنچ گئیں۔اس وقت تک بکھرے ہوئے بہت سے احمدی دوست یہاں جمع ہو چکے تھے۔ہم سب نے ایمبولینس والوں کے ساتھ فوری طورزخمیوں کو گاڑی سے اُتارا اور ایمبولینس میں سوار کیا۔کمشنر صاحب نے خاکسار کو بھی زخمیوں کے ساتھ ایمبولینس میں جانے کا کہا۔چنانچہ ہم سب ہسپتال چلے گئے۔جہاں فوری طور پر زخمیوں کو خون دیا گیا اور مرہم پٹی وغیرہ کی گئی۔خاکسار کو زخمیوں کے ساتھ ہسپتال میں ہی رکھا گیا۔ہسپتال کے باہر اور ہمارے زخمیوں کے وارڈ کے باہر کمشنر سر گودھا کی طرف سے پولیس کا کڑا پہرہ لگادیا تھا اور ہماری حفاظت کا خاص خیال رکھا گیا۔بعد میں معلوم ہوا کہ ہسپتال کے CMO احمدی تھے۔بہر حال اسی وقت ہر زخمی کے زخموں کا اندازہ بھی کیا گیا اور اس کے مطابق ان کے علاج بھی معین کئے گئے۔ان میں خاکسار کے نانا مکرم ماسٹر ضیاء الدین ارشد صاحب کی حالت تشویشناک تھی کیونکہ گولی ان کے کان کے اوپر لگی تھی اور دماغ میں داخل ہو گئی تھی۔