خطاباتِ شورٰی (جلد دوم ۔1936ء تا 1943ء) — Page 728
۷۲۸ مجلس مشاورت ۱۹۴۳ء خطابات شوری جلد دوم ہوئے ان نشانات کی عظمت سے انکار کر سکے۔بڑے بڑے اہم انقلابات دنیا میں ہوئے اور قریباً سب کے متعلق اللہ تعالیٰ نے مجھے قبل از وقت خبر دے دی اور ایسے ایسے نشانات ظاہر کئے کہ اُن کو دیکھ کر یہ ماننا پڑتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا منشاء دنیا میں کوئی خاص تغییر رونما کرنا ہے۔حضرت خلیفہ اول کی وفات کے قریب بھی ایسی خوابوں میں بڑی زیادتی ہوگئی تھی اور اُن تمام فتنوں کی خبر دے دی گئی تھی جو غیر مبائعین کے ذریعہ جماعت میں پیدا ہونے والے تھے اور اب پھر اس کثرت سے مجھے رؤیا اور الہام ہوئے ہیں کہ دنیا کا کوئی اہم واقعہ نہیں ہوتا جس کے متعلق اللہ تعالیٰ مجھے قبل از وقت علم نہیں دے دیتا۔یہ سب رؤیا اور کشوف اور الہامات بلا وجہ نہیں بلکہ کسی عظیم الشان تغیر پر دلالت کرتے ہیں۔اس زمانہ میں ایک عظیم الشان تغیر تو وہ تھا جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی یہ پیشگوئی پوری ہوئی کہ کئی چھوٹے ہیں جو بڑے کئے جائیں گے اور کئی بڑے ہیں جو چھوٹے کئے جائیں گے اور ایک اور عظیم الشان انقلاب وہ ہے جو دنیا میں اب پیدا ہونے والا ہے۔خدا تعالیٰ نے مجھے اس کے متعلق کئی رؤیا دکھائے ہیں اور بتایا ہے کہ ہم ہی ہیں جو اس انقلاب عظیم میں خدا تعالیٰ کے منشاء کو پورا کرنے والے ہیں۔میں نے اسی مجلس شوریٰ میں آج سے پندرہ سال پہلے ایک تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دس سال کے اندر اندر یہ تغیرات رونما ہو جائیں گے لیے یہ ۱۹۲۷ء کی بات ہے۔عین دس سال کے بعد ۱۹۳۷ء میں ہٹلر کی شورش شروع ہوئی اور پھر موجود جنگ میں دنیا مبتلا ہوگئی۔اسی طرح اللہ تعالیٰ نے میری زبان سے تحریک جدید کی میعاد کو دس سال تک بڑھانے کا اعلان کرایا اور میں دیکھ رہا ہوں کہ آج دنیا میں جو آواز بھی اُٹھتی ہے اسی کی تصدیق کرنے والی ہوتی ہے۔آجکل جنگ کے بڑے بڑے ماہرین یہ کہہ رہے ہیں کہ ۱۹۴۳ء لڑائی کے لحاظ سے انتہائی جوش کا سال ہوگا اور ۱۹۴۴ء یا ۱۹۴۵ء میں لڑائی کا خاتمہ ہو جائے گا اور یہی میعاد تحریک جدید کے اختتام کی ہے۔پس وہ باتیں جو اللہ تعالیٰ نے مجھ پر اپنے جلی یا خفی الہام کے ذریعہ ظاہر کیں واقعات اس کی تصدیق کر رہے ہیں اور دنیا ایسے انقلاب کی طرف آ رہی ہے جو اُسے پہلی حالت سے بدل کر کچھ کا کچھ بنا دے گا۔اسی طرح اب پھر مجھے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بعض باتیں بتائی گئی ہیں۔پہلے تو میں