خطاباتِ شورٰی (جلد دوم ۔1936ء تا 1943ء) — Page 670
خطابات شوری جلد دوم ۶۷۰ مجلس مشاورت ۱۹۴۳ء پردہ کے متعلق مضامین لکھوائے جائیں ۳۱۹ دوست اس بات کی تائید میں ہیں کہ ایک ہی وقت میں ایک طرف پردہ کی تائید میں متواتر مضامین لکھے جائیں اور جماعت پر اس مسئلہ کی اہمیت واضح کی جائے اور دوسری طرف جو عورتیں بے پردگی کی علی الاعلان مرتکب ہوں اور شریعت کے اس حکم کو پس پشت ڈال دیں ان کے نگرانوں سے باز پرس کی جائے اور انہیں اپنی اصلاح کی طرف توجہ دلائی جائے اور اگر وہ باوجود توجہ دلانے کے اس حرکت سے باز نہ آئیں تو انہیں مرکز کی طرف سے سزا دی جائے جس کی آخری حد اخراج از جماعت تک ہوسکتی ہے۔اب اگر کوئی اس کے خلاف ہوں تو وہ بھی کھڑے ہو جائیں۔“ صرف ایک دوست کھڑے ہوئے۔حضور نے فرمایا:- معلوم نہیں یہ دوست کس بات کے خلاف ہیں۔آیا اُن کے نزدیک ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ مرکز کی طرف سے ایسا قدم اُٹھایا جائے یا وہ پردہ کے ہی خلاف ہیں۔بہر حال میں کثرت رائے کے حق میں فیصلہ کرتا ہوں کہ پردہ کی اہمیت کے متعلق نظارت تعلیم و تربیت کی طرف سے متواتر اخبارات سلسلہ میں مضامین شائع کرائے جائیں اور مبلغین وغیرہ کے ذریعہ سے بھی جماعتوں پر پردہ کی اہمیت واضح کی جائے تا کہ ہم میں سے کوئی ایک فرد بھی ایسا باقی نہ رہے جو یہ کہہ سکے کہ اُسے پردہ کے متعلق صحیح اسلامی تعلیم کا علم نہیں تھا۔دوسری طرف جماعت میں سے جن عورتوں کے متعلق یہ اطلاع موصول ہو کہ وہ پردہ کی علی الاعلان خلاف ورزی کر رہی ہیں اور اسلام کے اس حکم کی ہتک کر رہی ہیں اُن سے اور ان کے نگرانوں سے سختی کے ساتھ جواب طلبی کی جائے اور انہیں اور ان کے لواحقین کو اصلاح کی طرف توجہ دلائی جائے۔اگر مرکز کی اس تنبیہ کا اُن پر اثر نہ ہو اور وہ اپنی اصلاح کی کوشش نہ کریں تو انہیں سزا دی جائے جس کی آخری حد اخراج از جماعت تک ہو سکتی ہے۔“ مخلوط تعلیم کے انسداد کے متعلق سب کمیٹی کی تجویز اس کے بعد مخلوط تعلیم کے انسداد کے متعلق سب کمیٹی کی تجویز پیش ہوئی۔تجویز پیش ہونے کے بعد چند نمائندگان نے اپنی آراء کا اظہار کیا اس کے بعد حضور نے فرمایا : -