خطاباتِ شورٰی (جلد دوم ۔1936ء تا 1943ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 519 of 755

خطاباتِ شورٰی (جلد دوم ۔1936ء تا 1943ء) — Page 519

خطابات شوری جلد دوم ۵۱۹ مجلس مشاورت ۱۹۴۱ء کر دینا بشرطیکہ جس امر پر غور کرنے کے لئے سب کمیٹی بنائی گئی ہو اُس میں کوئی شخص مہارت رکھتا ہو، کوئی حرج کی بات نہیں مگر دوسرے سے اپنا نام پیش کرانا اور کہنا کہ تم میرا نام پیش کرو ایک معیوب امر ہے کیونکہ اس طرح وہ یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ اُس کا نام پیش کرنے کی دوسرے لوگوں نے ضرورت محسوس کی ہے حالانکہ وہ خود پیش کر رہا ہوتا ہے۔اول تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ کسی عہدہ کے لئے اپنا نام پیش نہ کرو گے تا ہم رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس میں چونکہ وہی لوگ شامل ہوتے تھے جو رات دن آپ کے قرب و جوار میں رہتے تھے اس لئے آپ جانتے تھے کہ کون مشورہ دینے کا اہل ہے اور کون نہیں۔مگر ہماری یہ مجلس شوریٰ مختلف جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ہوتی ہے اور میں ہر ایک کے متعلق یہ نہیں جانتا کہ وہ کسی خاص امر کے متعلق مشورہ دینے کا اہل ہے یا نہیں۔اگر قادیان کے لوگوں تک ہی یہ مجلس شوریٰ محدود ہو تو میں خود ہی سب کمیٹیوں کے لئے ممبروں کا انتخاب کرلوں لیکن چونکہ ہماری اس مجلس میں بیرونی جماعتوں کے بھی دوست کثرت سے شریک ہوتے ہیں اور مجھے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ان میں سے کون قانون کے متعلق زیادہ واقفیت رکھتا ہے، کون اخلاق کے متعلق زیادہ واقفیت رکھتا ہے، کون تعلیم کے متعلق زیادہ واقفیت رکھتا ہے، کون آڈٹ کے متعلق زیادہ واقفیت رکھتا ہے اس لئے اگر کوئی دوست اپنا نام آپ پیش کر دیں یا کوئی دوست اپنی ذاتی واقفیت کی بناء پر کسی اور دوست کا نام تجویز کر دیں تو یہ کوئی معیوب بات نہیں لیکن دوسرے کو یہ کہنا کہ تم میرا نام پیش کر و سخت معیوب بات ہے۔اس طرح ایک طرف تو وہ یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ میں بہت بڑا قابل انسان ہوں اور دوسری طرف وہ اپنے آپ کو منکسر المزاج ظاہر کرنا چاہتا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہوتی ہے کہ وہ خود نمائی اور خودستائی کا دلدادہ ہوتا ہے اور چاہتا ہے کہ میرا نام کسی نہ کسی سب کمیٹی میں ضرور آ جائے۔مگر اس دوست کے متعلق بعد میں یہ عجیب بات معلوم ہوئی کہ باوجود اپنا نام خود پیش کرانے کے وہ سب کمیٹی کی میٹنگ میں شامل ہی نہ ہوئے۔پس آئندہ کے لئے اس بارہ میں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔اسی طرح یہ بھی دیکھ لینا چاہئے کہ جن دوستوں کے نام لکھائے جا رہے ہیں آیا وہ مجلس شوریٰ میں شامل بھی ہیں یا نہیں ؟ بعض دفعہ کوئی دوست یونہی دوسرے کا نام پیش کر دیتے ہیں اور بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ وہ دوست