خطابات طاہر (جلد دوم ۔ افتتاحی خطابات جلسہ سالانہ) — Page 490
خطابات طاہر جلد دوم 490 افتتاحی خطاب جلسہ سالانہ 2000ء جو ٹھٹھا کرنے والے ہیں ان کے لئے ہم اکیلے کافی ہیں۔خدا نے قدیم سے لکھ رکھا ہے یعنی مقرر کر رکھا ہے کہ میں اور میرے رسول ہی غالب ہوں گے۔یعنی گوکسی قسم کا مقابلہ آپڑے جو لوگ خدا کی طرف سے ہیں وہ مغلوب نہیں ہوں گے اور خدا اپنے ارادوں پر غالب ہے، مگر اکثر لوگ نہیں سمجھتے۔خدا وہی خدا ہے جس نے اپنا رسول ہدایت اور دین حق کے ساتھ بھیجا تا کہ اس دین کو تمام دینوں پر غالب کرے۔کوئی نہیں جو خدا کی باتوں کو بدل دئے“۔( تذکرہ صفحہ : ۳۱۶ ، ۳۱۷) ”اے میرے احمد تجھے بشارت ہو۔تو میری مراد ہے اور میرے ساتھ ہے۔میں نے اپنے ہاتھ سے تیرا درخت لگایا۔تیرا بھید میرا بھید ہے اور تو میری درگاہ میں وجیہہ ہے۔میں نے اپنے لئے تجھے چنا۔تو مجھ سے ایسا ہے جیسا کہ میری توحید اور تفرید۔پس وقت آگیا ہے کہ تو مدد دیا جائے اور لوگوں میں تیرے نام کی شہرت دی جائے۔اے احمد! تیرے لبوں میں نعمت یعنی حقائق اور معارف جاری ہیں۔اے احمد ! تو برکت دیا گیا اور یہ برکت تیرا ہی حق تھا“۔( تذکرہ صفحہ : ۳۱۵) پھر الہام ہوا۔اُن کو کہہ دے کہ میں اپنی طرف سے نہیں بلکہ خدا کی وحی اور حکم سے یہ سب باتیں کہتا ہوں اور میں اس زمانہ میں تمام مومنوں میں سے پہلا ہوں۔ان کو کہہ دے کہ اگر تم خدا تعالیٰ سے محبت کرتے ہو تو آؤ میری پیروی کرو تا خدا بھی تم سے محبت کرے اور یہ لوگ مکر کریں گے اور خدا بھی مکر کرے گا اور خدا بہتر مکر کرنے والا ہے اور خدا ایسا نہیں کرے گا کہ وہ تجھے چھوڑ دے جب تک کہ پاک اور پلید میں فرق نہ کر لے اور تیرے پر دنیا اور دین میں میری رحمت ہے اور تو آج ہماری نظر میں صاحب مرتبہ ہے اور ان میں سے ہے جن کو مدد دی جاتی ہے۔اور مجھ سے تو وہ مقام اور مرتبہ رکھتا ہے۔جس کو دنیا نہیں جانتی اور ہم نے دنیا پر رحمت کرنے کے لئے تجھے بھیجا ہے۔( تذکرہ صفحہ: ۳۱۵)