خطاباتِ ناصر (جلد دوم ۔1974ءتا 1981ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 388 of 646

خطاباتِ ناصر (جلد دوم ۔1974ءتا 1981ء) — Page 388

خطابات ناصر جلد دوم ۳۸۸ افتتاحی خطاب ۲۶ دسمبر ۱۹۷۹ء جذب کرنے والی ہیں۔پس تقویٰ کی بنیاد پر اپنی زندگی کی عمارت استوار کرو اور خدا تعالیٰ کے فضلوں اور اس کی رحمتوں کے وارث بنو۔ہم دعاؤں کے ساتھ اس جلسہ کو شروع کرتے ہیں۔ہم دعائیں کرتے ہوئے اس جلسے کے ایام کو گزارتے ہیں اور دعاؤں پر اس جلسہ کو ختم کرتے ہیں۔کچھ دعائیں ہیں جو میں شروع میں کروا دیا کرتا ہوں سب سے بڑی اور اہم دعا جیسا کہ میں نے ابھی بتایا ہے ہماری ذمہ واری کے لحاظ سے وہ یہ ہے کہ ہم نوع انسانی کے لئے دعا کریں۔بھٹک گیا انسان۔اپنے پیدا کرنے والے رب کریم سے دور چلا گیا انسان اسے بھول چکا انسان۔جس غرض کے لئے جس مقصد کے لئے انسان کو پیدا کیا گیا تھا وہ مقصد بھی اسے یاد نہیں رہا۔دعا ئیں کریں کہ انسان جس مقصد کے لئے پیدا کیا گیا تھا اس مقصد کو سمجھنے لگے اور اپنے پیدا کرنے والے رب کی طرف واپس آئے۔ایسی راہوں کو اختیار نہ کرے کہ دور سے دور تر ہوتا چلا جائے۔ایسی راہوں کو اختیار کرے کہ جو اس دوری کو قرب میں بدلنے والی ہوں۔جو خدا تعالیٰ کے غضب کو اس کے پیار میں تبدیل کرنے والی ہوں۔ان راہوں کو وہ اختیار کرے۔نوع انسانی کے لئے دعائیں کریں۔آپ نہیں جانتے ان کو لیکن آپ کا رب انہیں جانتا ہے۔جس وقت آپ اپنے خدا سے یہ دعا کریں گے کہ اے خدا! جو افریقہ میں رہنے والے ہیں اور تجھ سے دور ہیں اور تیرے پیار کی لذت سے وہ محروم ہیں جو لذت تھوڑی یا بہت اپنی استعداد کے مطابق ہم حاصل کر رہے ہیں تو انہیں بھی ہمارے ساتھ ملا دے اور اپنے پیار کی لذت میں انہیں شریک کر۔اور جو امریکہ میں شمالی اور جنوبی اور جو یورپ میں اور جو جزائر میں بسنے والے اور دوسرے براعظموں میں رہنے والے ہیں۔ان سب کو ان راہوں کی طرف ہدایت دے۔اے ہمارے رب ! کہ جو راہیں تیری طرف لے جانے والی ہیں اور جلد تر۔وعدہ تو ہو گا پورا خدا کا ایک دن۔لیکن ہمارے دل میں یہ تڑپ ہونی چاہئے کہ جو بشارت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بنی نوع انسان کو امت واحدہ بنانے کی دی گئی تھی وہ جلد تر پوری ہو اور دیر نہ لگے کہ نوع انسانی خدا تعالیٰ کی وحدانیت کے جھنڈے تلے جمع ہو جائے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاؤں میں آبیٹھے۔یہ دعا کریں آپ۔سب سے بڑی دعا،سب سے اہم دعا، تضرع اور عاجزی کے ساتھ کرنی والی سب سے بڑی دعا یہی ہے۔