خطاباتِ ناصر (جلد دوم ۔1974ءتا 1981ء) — Page 20
خطابات ناصر جلد دوم دوسرے روز کا خطاب ۲۷ / دسمبر ۱۹۷۴ء ساری نوع انسانی کو امتِ واحدہ بنانا ہے لیکن ہمارے نزدیک یہ تمام تحریکیں نوع انسانی کو ایک خاندان بنانے میں اس لئے ناکام ہوں گی کہ ان تحریکوں کے متعلق خدا تعالیٰ کے کسی برگزیدہ شخص نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کے ذریعہ سے انسان امتِ واحدہ بن جائیں گے۔یہ شرف صرف اسلام کو حاصل ہے جس نے ہمیں یہ خوشخبری دی ہے کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے اور محبوب خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوت قدسیہ کے نتیجہ میں اور آپ کے رحمۃ للعالمین ہونے کے سبب، امت مسلمہ میں ایسے بزرگ انسان پیدا ہوں گے جو حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے فیوض حاصل کریں گے۔خدا تعالیٰ سے نئے سے نئے علوم قرآنیہ اور اسرار روحانیہ سیکھیں گے اور دُنیا کے دُکھوں کے دُور کرنے کی کوشش کریں گے اور وہ اس میں بالآخر کامیاب ہوں گے۔پس یہ چاروں تحریکیں جو چار مختلف جہات سے اس وقت دُنیا میں شروع ہوئی ہیں۔یہ ہمیں اس طرف متوجہ کرتی ہیں کہ نوع انسانی کو امت واحدہ بن جانا چاہئے یا کم از کم ہر تحریک کا یہ دعوی ہے کہ وہ دکھی انسانیت کو دکھوں سے نجات دلا کر اور اُن کے لئے سکھ کے سامان پیدا کر کے نوع انسانی کو ایک خاندان اور ایک امت بنالے گی لیکن جب ہم زیادہ گہرائی میں جاتے ہیں تو ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ خوشحالی کے معنوں سے بھی واقف نہیں (اس کا میں نے اپنے خطبہ میں بھی مختصراً ذکر کیا تھا) غرض جس چیز کے معنے ہی کسی کو نہیں آتے اس پر عمل کیا ہی نہیں جاسکتا۔تا ہم اس وقت ایک بڑی زبردست جنگ شروع ہو چکی ہے۔امریکہ چاہتا ہے کہ ساری دُنیا اس کے ساتھ مل جائے اور نوع انسانی امتِ واحدہ بن جائے۔اشتراکیت بھی کہتی ہے کہ ساری دُنیا کی وہی خیر خواہ ہے۔تمام دنیا کو اشتراکیوں کے ساتھ مل جانا چاہئے تاکہ ساری دُنیا ایک خاندان بن جائے۔اسی طرح چین کا سوشلزم بھی یہی کہتا ہے کہ ساری دُنیا اُن کے ساتھ مل جائے اور ایک خاندان بن جائے۔ان تین تحریکوں کے علاوہ گود نیا داروں کی نگاہ میں دھتکارا ہوا مگر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک عظیم روحانی فرزند مہدی معہود ہے جو یہ کہتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے غلبہ اسلام کی جو بشارتیں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو دی تھیں۔اُن کی رو سے میں دُنیا میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے طفیل دُنیا کا ہر انسان ایک خاندان کی لڑی میں پرویا جائے گا اور آپ کے طفیل نوع انسانی امت واحدہ بن جائے گی۔