خطاباتِ ناصر (جلد اوّل۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 79
خطابات جلسہ سالانہ (۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۳ء) ۷۹ ۲۱ ؍دسمبر ۱۹۶۵ء۔اختتامی خطاب کامیاب اختتام تک پہنچانا میرا فرض ہے اور میں نے اپنا فرض بہر حال ادا کرنا ہے۔انشاء اللہ تعالیٰ۔پس میں امید رکھتا ہوں کہ آپ اس کام میں میرے ساتھ پورا پورا تعاون کریں گے۔ان تراجم کے علاوہ بھی میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں بہت جلد چینی اور جاپانی زبانوں میں قرآن کریم کا ترجمہ کرنا چاہئے اگر چہ چین کے بڑے حصہ پر اس وقت کمیونسٹوں کا سیاسی اقتدار ہے اور وہاں ایک حد تک مذہبی آزادی ہے لیکن مذہبی آزادی کا جو مفہوم ہم لیتے ہیں اور جو مفہوم وہ لیتے ہیں۔ان میں بڑا اختلاف ہے بہر حال فارموسا میں کچھ دوست بغیر کسی مبلغ کے احمدی ہو گئے ہیں۔وہاں کی مسلم ایسوسی ایشن کے صدر جو غالباً پچھلے سال یہاں آئے تھے دل سے احمدی ہیں۔گو انہوں نے احمدیت کو ابھی ظاہر نہیں کیا لیکن ان کے دل میں احمدیت کی اس قدر محبت ہے کہ جب وہ ربوہ آئے اور مجھ سے انہوں نے ملاقات کی تو عجیب نظارہ پیش آیا جب وہ میرے سامنے آئے تو پہلے کچھ جھجھکے اور انہوں نے اپنے آپ پر اس طرح ضبط کیا جس طرح کوئی آدمی کوئی کام کرنا چاہے بھی اور نہ بھی کرنا چاہے۔کوئی دو سیکنڈ تک ان کی یہ حالت رہی۔پھر وہ بے اختیار ہو کر آگے بڑھے اور مجھ سے لپٹ گئے وہ اس محبت کو جو انہیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے تھی روک نہ سکے انہوں نے مجھ سے بہت سی باتیں کیں۔جن سے ان کے اخلاص کا علم ہوتا ہے۔پھر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم انہیں اپنی کتب بھجوائیں۔بہر حال چینیوں کا ایک بڑا حصہ اس وقت احمدیت کی طرف متوجہ ہے اور اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو چین کے دوسرے بڑے حصہ میں بھی جہاں کمیونسٹوں کا تسلط ہے ہمارے لئے تبلیغ کی راہیں کھول سکتا ہے۔وہ ایسا کر سکتا ہے اس کے لئے کوئی بات نا ممکن نہیں غرض چینی اور جاپانی زبان میں بھی قرآن کریم کے تراجم بہت جلد کر وائے جائیں گے۔مساجد جو زیرتعمیر ہیں اور ان کو مکمل کرنا نہایت ضروری ہے ان میں سے ایک مسجد ڈنمارک کی ہے۔پھر غا نا میں ہمالے کے مقام پر ، یوگنڈا میں مسا کا کے مقام پر ، تنزانیہ میں ٹانگا کے مقام پر سیرالیون میں فری ٹاؤن کے شہر میں ، نائیجیریا میں پانچ مقامات پر اسی طرح گیمبیا میں مساجد بنائی جارہی ہیں ان کے علاوہ کئی اور مقامات پر مساجد کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے لیکن ابھی تک وہاں نہ مسجد بنانے کا کوئی فیصلہ ہوا ہے اور نہ کوئی انتظام۔اور وہ جگہیں مندرجہ ذیل ہیں۔